ہر پاکستانی ایک لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ، وزارت خزانہ نے رپورٹ جاری کردی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت خزانہ نے پاکستان کے ذمے ملکی و غیر ملکی قرضوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ ہر پاکستانی ایک لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہوچکا ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال 30 جون تک پاکستان پر مجموعی قرضہ 173 کھرب روپے تھا جو 30 ستمبر تک بڑھ کر 181 کھرب روپے تک جا پہنچا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 30 جون تک پاکستان پر غیرملکی قرضہ 50 ارب ڈالر تھا جو 30 ستمبر تک 51 ارب ڈالر ہوگیا۔ علاوہ ازیں 30 جون تک ملکی قرضہ 121 کھرب روپے تھا جو 30 ستمبر تک 127کھرب روپے تک جاپہنچا ہے۔