قطری حکومت نے سنی لیون کو بڑا جھٹکا دیدیا، کروڑوں کا نقصان کرا دیا

دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) قطری حکام نے بالی ووڈ کنسرٹ میں بے باک اداکارہ سنی لیون کو پرفارمنس دینے سے انکار کرتے ہوئے کنسرٹ منسوخ کر دیا ہے۔ بالغوں کی فلموں سے شہرت حاصل کر کے بالی ووڈ کی دنیا میں قدم رکھنے والی سنی لیون نے قطر میں 18 مارچ کو منعقد ہونے والے اس کنسرٹ میں حصہ لینا تھا تاہم قطری حکام نے اسے منسوخ کر دیا ہے۔ وزارت ثقافت و کھیل میں ڈائریکٹوریٹ کلچر کے سربراہ فالح الاجلان الھجیری کا کہنا ہے کہ یہ کنسرٹ 18 مارچ کی رات کو طے تھا تاہم آرگنائزرز کی جانب سے لائسنس کے قوانین کی عدم پاسداری کے باعث اسے منسوخ کیا گیا ہے۔
الھجیری نے مزید کہا کہ ریاست کی روایات اور اسلامی تہذیب کے خلاف کسی بھی قسم کی لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جا سکتا۔ الھجیری نے کنسرٹ میں سنی لیون کی شرکت سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ قطری حکام صرف ایک پروگرامز کے انعقاد کیلئے لائسنس مہیا کرتے ہیں جو ریاست کے قوانین اور عوامی سوچ کے مطابق ہوں۔
دوحہ نیوز کے مطابق کنسرٹ کیلئے 7000 کے قریب ٹکٹیں پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں ۔ کنسرٹ کے آرگنائزرز ”ارون ویلی انٹرٹینمٹ“ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس کنسرٹ کی تشہیر سے پہلے ہی وزارت ثقات سے ضروری اجازت لے لی تھی تاہم کچھ دن قبل حکام نے انہیں ایک میٹنگ میں طلب کیا اور بتایا کہ سنی لیون اس پروگرام میں شرکت نہیں کر سکتیں۔ آرگنائزنگ کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ اس کنسرٹ میں ایسا کچھ بھی شامل نہیں جو قطری ثقافت یا عوامی روایات کے خلاف ہو۔ کمپنی نے مزید کہا کہ جو لوگ اس کنسرٹ کیلئے ٹکٹیں خرید چکے ہیں وہ اپنے پیسے واپس لے سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سنی لیون کو اس کنسرٹ میں شرکت کیلئے بھاری معاوضہ دیا گیا تھا جو اب اداکارہ کو ممکنہ طور پر واپس کرنا پڑے گا۔