پی سی بی کوآئی سی سی سے ورلڈ ٹی 20 کسی اور ملک میں کروانے کی درخواست کرنی چاہیے تھی: عامر سہیل

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ وسیم اکرم نے سسٹم کی بہتری کی بات کی ہے ، انڈیا میں پاکستان ٹیم کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد پی سی بی کو آئی سی سی میں ورلڈ ٹی 20 کا انعقاد کسی اور ملک میں کرنے کی درخواست کرنی چاہیے تھی۔
نجی ٹی وی سما سے گفتگو کرتے ہوئے عامر سہیل کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم نے آج کی پریس کانفرنس میں سسٹم کے بارے میں بات کی ہے اور ان کا اقدام اچھا ہے،سسٹم بہتر کرنے کے معاملے میں شہریار خان کوئی بات کرہی نہیں سکتے، ہماری کرکٹ کا حال بھی ہاکی کی طرح ہوتا جارہا ہے اور مجھے ڈر ہے کہ کہیں ہماری کرکٹ بھی ہاکی ہی نہ بن جائے۔
اگر میں کوچ ہوتا تو ۔۔۔ وسیم اکرم نے ایسی بات کہہ دی کہ سب کو سوچ میں ڈال دیا، تفصیلات جاننے کیلئے یہاں کلک کریں
انہوں نے کہا کہ ہرکوئی پاکستان ٹیم کا کوچ بننا چاہتا ہے کوچ بننے کیلئے نیچے سے کام کرکے لوگوں کو دکھا کر اپنے آپ کو کوچ بننے کا مستحق ثابت کرنا ہوگا۔ وسیم اکرم یہ تو کہتے ہیں کہ بورڈ انہیں کوچ نہیں بناتا لیکن پہلے وہ یہ تو بتائیں کہ انہوں نے پاکستان کی کرکٹ کیلئے کیا کیا ہے۔ انہیں کوچ بننے کیلئے ڈومیسٹک سطح پر کام کرکے اپنے آپ کو منوانا ہوگا جس کے بعد وہ کہہ سکیں گے اور لوگوں کو دکھا سکیں گے کہ میں نے ٹیم کی بہتری کیلئے یہ کام کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھارت میں ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کے حوالے سے عامر سہیل نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو انڈیا میں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اور جس طرح سے قومی ٹیم کو دھمکیاں مل رہی ہیں پی سی بی کو یہ معاملہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی بجائے آئی سی سی میں اٹھانا چاہیے تھا۔ ورلڈ ٹی 20 کے حوالے سے آئی سی سی کا اجلاس بلایا جاتا جس میں پی سی بی دلائل کے ساتھ یہ ثابت کرتا کہ انہیں انڈیا میں کھیلنے پر تحفظات ہیں اور بورڈ ممبرز کو ٹورنامنٹ کسی اور ملک میں منتقل کروانے پر رضامند کرتا یا کم ازکم پاکستان کے میچز کسی اور ملک میں منتقل کروائے جاسکتے تھے۔