عالمی کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے؟

عالمی کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پاکستان سپر لیگ( کرکٹ) کا فائنل میچ آج پاکستان کے لئے کرکٹ کے دروازے کھولنے کا ذریعہ بن جائے گا، حکومت اور انتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت قومی کھلاڑی بھی لاہور پہنچ گئے ہیں، عوام کے اندر بہت زیادہ جوش و خروش ہے، قذافی سٹیڈیم انگریزی محاورے کے مطابق ’’جیم پیک‘‘ ہوگا یعنی کھچا کھچ بھرا ہوگا، پنجاب کے وزیر اعلیٰ اورپی ایس ایل انتظامیہ نے قریباً تمام اہم شخصیات کو مدعو کیا ہے، قذافی سٹیڈیم کے اردگرد کے تمام علاقے کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا اور روشنیوں سے منور کیا گیا ہے، حفاظتی انتظامات میں پولیس کے علاوہ رینجرز اور فوج کے دستے بھی معاون ہیں اور جانچ پڑتال کا بھی مکمل انتظام ہے، نادرا کی گاڑیاں بھی ہیں، جبکہ کھلاڑیوں کو لانے لے جانے کے لئے بم اور بلٹ پروف بسوں کا انتظام کیا گیا ہے، اس کے علاوہ بلٹ پروف کاریں بھی منگوائی گئی ہیں جو آفیشلز کے لئے ہوں گی، یہ اطلاع بھی ہے کہ آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم کرکٹ کے لئے بھی پہنچ چکی ہے جو حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے کر رپورٹ دے گی جس کے بعد آئی سی سی پاکستان کو محفوظ ملک قرار دینے کا فیصلہ کرے گی۔ فائنل میچ کوئٹہ اور پشاور کی ٹیموں کے درمیان ہونا ہے، پشاور نے ایک زبردست مقابلے میں کراچی کو ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا کہ ابتدا میں کچھ جھٹکے بھی لگے تھے، پہلے پی ایس ایل کی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کراچی سے ہارنے کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی اور کراچی نے پشاور سے شکست کھالی اور پشاور فائنل میں آئی، دونوں ٹیموں میں اچھے کھلاڑی ہیں تاہم کوئٹہ کو کیون پیٹرسن جیسے غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہیں، یہ سب گورے واپس جاچکے ہیں اب ٹیم انتظامیہ کو نئی ڈرافٹنگ میں سے اپنے لئے کھلاڑی منتخب کرنا ہیں جو غالباً گزشتہ شب تک کرلئے گئے ہوں گے کہ قریباً دو درجن غیر ملکی کھلاڑیوں سبھی پہنچ چکے ہیں، پشاور کو اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات بدستور حاصل ہیں کہ ان سب نے لاہور آنے پر رضا مندی دے دی تھی، لاہور کے فائیو سٹار ہوٹل میں ان سب کھلاڑیوں کے لئے کمرے بک ہیں جن کو تعداد 120بتائی گئی ہے، ہوٹل میں ایک عالمی منظر نظر آرہا ہے اور سب کھلاڑی اور آفیشلز بہت مطمئن ہیں، انشاء اللہ یہ میلہ خوب سجے گا، دہشت گردوں کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی اور عوامی سطح پر بھی بہت پامردی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
کے پی کے میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے
خیبر پختونخوا میں چینی کمپنیوں کی طرف سے سرمایہ کاری کا حوصلہ افزا آغاز ہونے کی خوشخبری بلا شبہ ’’بریکنگ نیوز‘‘ ہے۔چین کی سرمایہ کار کمپنیوں نے کے پی کی حکومت کے ساتھ 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چین کے علاوہ دیگر ملکوں کو بھی کے پی کے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔ بیس ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری کو ترقی اور خوشحالی کے دور کا آغاز قرار دینا درست ہے۔ یہ سب پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے ممکن ہو رہا ہے۔ چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اس لحاظ سے خوش آئند ہے کہ خود وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے اس لئے ہوئے کہ پاک چین اقتصادی راہداری صوبہ خیبر پختونخوا سے گزر رہی ہے۔ اس سرمایہ کاری سے صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ پرویز خٹک کے اس بیان سے کچھ عرصہ پہلے تک جن خدشات کا اظہار کیا جارہا تھا، وہ بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے کا یہ کہنابھی درست کہا جاسکتا ہے کہ مذکورہ بالا سرمایہ کاری سے عوام کو نیا خیبر پختونخوا دینے کا جو وعدہ کیا گیا، اس کی تکمیل میں بڑی مدد ملے گی۔ توقع ہے کہ چین کے علاوہ بعض دوسرے ممالک بھی سرمایہ کاری کریں گے۔

مزید :

اداریہ -