جنوری 2017کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 1.3فیصد کی کمی
لاہور (کامرس رپورٹر) جنوری 2017ء کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات میں1.3فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جنوری2017ء کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 1.064 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا جبکہ گذشتہ سال میں جنوری 2016ء کے دوران ملکی برآمدات کاحجم 1.078 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2016-17ء میں جنوری کے دوران خام روئی کی برآمدات میں بھی 49.77 فیصد کی کمی واقع ہونے سے برآمدات کا حجم 1.069 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جنوری 2016ء کے دوران برآمدات کا حجم 2.128 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق سوتی دھاگہ کی برآمدات میں4.37 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور جنوری 2017ء کے دوران برآمدا ت سے 92.710 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا ہے جبکہ جنوری 2016ء کے دوران برآمدات سے 88.824 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اسی طرح بیڈ ویئرز کی برآمدات میں2.17 فیصد کے اضافہ سے جنوری 2016ء کی برآمدات 169.538 ملین ڈالر سے 173.225 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ خیموں اور ترپالوں وغیرہ کی برآمدات میں بھی 39.37فیصد کا اضافہ ہونے سے برآمدات کا حجم 11.113ملین ڈالر سے 15.488ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔ ٹیکسٹائل کے شعبہ کی برآمدات میں جنوری 2017ء کے دوران مجموعی طور پر1.3فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔