نیتھن لیون نے بھارتی بیٹنگ کے پرخچے اڑادئے ،سپنر کے 8شکار

نیتھن لیون نے بھارتی بیٹنگ کے پرخچے اڑادئے ،سپنر کے 8شکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 بنگلور(اے پی پی) نیتھن لیون کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارتی ٹیم دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 189 رنز پر ڈھیر ہو گئی، لوکیش راہول کی جادوئی سپن باؤلنگ کے سامنے بھارت کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا، راہول 90 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، لیون نے غیرمعمولی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے 8 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، جواب میں آسٹریلیا نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان 40 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 149 رنز درکار ہیں، ڈیوڈ وارنر 23 اور میٹ رینشا 15 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ہفتہ کو بنگلور میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارتی قائد کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 189 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، لیون کی جادوئی سپن باؤلنگ کے سامنے بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی رہیں، لوکیش راہول کے سوا بھارت کا کوئی بھی بلے باز ڈٹ کر کینگروز باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، راہول کیریئر کی پانچویں سنچری سے 10 رنز کی دوری پر تھے کہ لیون نے ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے سے محروم رہے، مکنڈ صفر، پوجارا 17، کپتان ویرات کوہلی 12، راہانے 17، کرن نائر 26، ایشون 7، ساہا ایک، جدیجہ 3 اور ایشانت شرما صفر پر آؤٹ ہوئے، لیون آسٹریلیا کے کامیاب ترین باؤلر رہے، انہوں نے ریکارڈساز باؤلنگ کرتے ہوئے 50 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سٹارک اور سٹیو او کیف نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک بغیر وکٹ کھوئے 40 رنز بنا لئے تھے اور اسے بھارت کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 149 رنز کی ضرورت ہے، وارنر 23 اور رینشا 15 رن زکے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔