محکمہ صحت کا تعاون ۔گلاب دیوی ہسپتال کے ڈاکٹر دن بھی دیکھیں گے

محکمہ صحت کا تعاون ۔گلاب دیوی ہسپتال کے ڈاکٹر دن بھی دیکھیں گے

 لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت اور نجی شعبہ ملکر ہی صحت کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں حکومت نجی ہسپتالوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ نئے ہسپتال بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بات گزشتہ روز گلاب دیوی ہسپتال میں دوسری تین روزہ امراض قلب و امراض تنفس کے بارے میں کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر گلاب دیوی ہسپتال کے چیئرمین سید شاہد علی ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حامد ، پروفیسر اشرف ، پروفیسر زبیراور کانفرنس میں شامل ملکی و غیر ملکی مندوبین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ گلاب دیوی ہسپتال کی ایک شاندار تاریخ ہے اور اس ہسپتال نے غریب مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے میں گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کی سفارشات امراض قلب اور سانس کی بیماریوں کے علاج کے سلسلے میں سود مند ثابت ہونگی اور حکومت اس کانفرنس کی سفارشات پر ضرور غور کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبے کے تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیوہسپتالوں کو جدید طبی آلات اور سہولیات سے لیس کرنے کے لیے ری ویمپنگ کے منصوبے پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے نتیجے میں بیماریوں کا لوڈ حکومت اور ماہرین کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے ماہرین کو آگے آنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ 40 ہسپتالوں کو اگست 2017 ء تک ری ویمپ کر دیا جائے گا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں گذشتہ تین سال کے دوران کئی سو بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس وقت 500 ،500 بستروں پر مشتمل چار ہسپتال زیر تعمیر ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دل کے مریضوں کے علاج کے لیے محکمہ صحت گلاب دیوی ہسپتال کے ساتھ بھی جوائنٹ وینچر شروع کر رہا ۔ قبل ازیں گلاب دیوی ہسپتال کے چیئرمین سید شاہد علی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حامد نے بھی خطاب کیا اور ہسپتال کی کارکردگی بارے تفصیلات بیان کیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...