انسان اوسطاً 6سے 8گھنٹے کی نیند لیتا ہے، ماہرین
جوہانسبرگ(بیورورپورٹ) انسان اوسطاً 6سے 8گھنٹے کی نیند لیتا ہے، اسی طرح دیگر ممالیہ جانوروں کی نیند کا دورانیہ ایک دوسرے سے مختلف ہے لیکن آپ یہ جان کر ششدر رہ جائیں گے کہ اس وقت روئے ارض پر موجود سب سے بڑا ممالیہ جانور ہاتھی صرف 2گھنٹے سوتا ہے۔یہ انکشاف جنوبی افریقہ کی یونیورسٹی آف وٹ واٹرسینڈ (Witwatersand)کے ماہرین نے کیا ہے۔ اس سے قبل ہاتھیوں پر جتنی تحقیقات ہوئیں وہ انسانی کی قید میں موجود ہاتھیوں پر کی گئیں۔ ان کے نتائج میں بتایا گیا تھا کہ ہاتھی 3سے7گھنٹے کی نیند لیتے ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلوں میں آزادانہ زندگی گزارنے والے ہاتھیوں کو خوراک کی تلاش کے دباؤاور دیگر خطرناک جانوروں کے حملوں کا سامنا ہوتا ہے لہٰذا وہ بہت کم سوتے ہیں۔حالیہ تحقیق میں پاؤل منیجر اور ان کی ٹیم نے شمالی بوٹسوانا کے جنگلات میں رہنے والے ہاتھیوں کی نگرانی کی اورہفتوں تک ان کی سونے کی عادات کا مشاہدہ کرتے رہے۔پاؤل کا کہنا تھا کہ ’’کسی جانور کی نیند معلوم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس کے دماغ کی الیکٹریکل ریکارڈنگ کی جائے لیکن ہاتھی میں یہ طریقہ کارگر نہیں ہے کیونکہ اس کی کھوپڑیاں انتہائی سخت ہوتی ہیں جس کی وجہ سے باہر لگائے گئے الیکٹروڈ غیرمو191ثر ثابت ہوتے ہیں جبکہ الیکٹروڈز کو ان کی کھوپڑی کے اندر لگانے کے لیے بڑی سرجری کرنے پڑے گی۔ چنانچہ ہم نے الیکٹروڈز کی بجائے ہاتھیوں کے سونڈ کے ساتھ حرکت معلوم کرنے والے سنسرز لگا دیئے۔ سونڈ ہاتھی کے جسم کا سب سے زیادہ متحرک حصہ ہوتا ہے۔ جب تک وہ جاگتا رہے سونڈ ہلاتا رہتا ہے۔ ہم نے یہ تصور کیا کہ جب ہاتھی مسلسل 5منٹ تک سونڈ نہیں ہلائے گا وہ غالباً سو رہا ہو گا۔ 35دن تک اس طریقے سے ان کی نگرانی کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ اوسطاً 2گھنٹے نیند لیتے ہیں جو مسلسل نہیں ہوتی بلکہ 4سے 5وقفوں میں ہوتی ہے۔ ہماری تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ہاتھ رات 1سے صبح 6بجے کے درمیان زیادہ سوتے ہیں اور وہ ہر رات کو مختلف جگہوں پر سوتے ہیں۔‘‘