جرمن چانسلر انجیلا میرکل 14مارچ کو امریکا کا دورہ کریں گی

جرمن چانسلر انجیلا میرکل 14مارچ کو امریکا کا دورہ کریں گی

واشنگٹن(این این آئی)جرمن چانسلر میرکل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے چودہ مارچ کو واشنگٹن کا دورہ کریں گی۔ میرکل اور ٹرمپ کے اب تک کے تعلقات کے تناظر میں یہ پہلی ملاقات بہت اہمیت کی حامل ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایاکہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں عالمی اقتصادیات، باہمی تجارت، اسلامک اسٹیٹ کے خلاف لڑائی، مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور روس کے ساتھ تعلقات جیسے امور زیر بحث آئیں گے۔ اس ملاقات کے فوری بعد ترقی یافتہ جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے خزانہ کا ایک اجلاس جرمنی میں منعقد ہو گا، جس میں ٹرمپ کے جولائی میں جرمنی کے دورے کی تفصیلات بھی طے ہوں گی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جرمن چانسلر میرکل کے درمیان اب تک کے تعلقات کچھ زیادہ خوشگوار نہیں رہے۔ تجارت کے حوالے سے اختلافات، ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے سات ممالک کے مسلمان شہریوں کے امریکا سفر کرنے پر پابندی کے حوالے سے بحث و مباحثہ اور میڈیا کے بارے میں امریکی صدر کی رائے نے اِن تعلقات کو مزید خراب کیا ہے۔تاہم نئے امریکی صدر اور میرکل نے رواں برس جنوری میں ایک ٹیلیفون کال کے بعد نیٹو دفاعی اتحاد کی اہمیت اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مِل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا۔ لیکن کچھ ہی دن بعد میرکل نے سات مسلم اکثریت والے ممالک کے شہریوں کی امریکا آمد پر عارضی پابندی کے فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ میرکل نے ٹرمپ کی جانب سے میڈیا سے متعلق منفی تبصرے کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوالات پر ایک آزاد میڈیا کی اہمیت کو بارہا اجاگر کیا۔

یاد رہے کہ ٹرمپ کے پیش رو سابق امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ میرکل کے تعلقات بہت خوش گوار تھے۔

مزید : عالمی منظر