حادثات نے 6زندگیاں نگل لیں، 2افراد قتل، لڑکی کی خودکشی

حادثات نے 6زندگیاں نگل لیں، 2افراد قتل، لڑکی کی خودکشی

رحیم یار خان،ٹھٹھہ صادق آباد،دائرہ دین پناہ،شادن لُنڈ،محسن وال،میلسی(نمائندگان) ٹریفک کے مختلف حادثات میں6افراد زندگی سے محروم ہوگئے۔نامعلوم افراد نے نوجوان،مزاحمت پر آکوؤں نے دکاندار کو قتل کردیا نوجوان لڑکی نے کالا پتھر پی کر خودکشی کرلی۔بزرگ سیڑھیوں سے گر کر دم توڑ گیا۔رحیم یار خان سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق ٹریفک کے مختلف حادثات میں شدید (بقیہ نمبر17صفحہ12پر )

زخمی ہونے والے چھٹی جماعت کے طالب علم سمیت چار افراد ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے۔ پہلا حادثہ آباد پور کے رہائشی ششم جماعت کے طالب علم جنید خورشید کے ساتھ پیش آیا جو امتحانی پرچہ دیکر موٹرسائیکل پر سوار ہوکر گھر واپس آرہاتھا کہ تیز رفتاری کے باعث سڑک پرپڑے گنوں سے سلپ ہونے سے توازن برقرار نہ رکھ پایا جس کے نتیجہ میں جنیدخورشید شدیدزخمی ہوگیا۔دوسرا حادثہ بستی پٹواری کے رہائشی35سالہ شملہ کے ساتھ پیش آیا جو اپنی موٹرسائیکل پر سوار ہوکر شہر آرہاتھا کہ کراسنگ کے دوران سامنے سے آنیوالے فروٹ ریڑھی سے جاٹکرایا جس کے نتیجہ میں شملہ شدیدزخمی ہوگیا۔ تیسراحادثہ صادق آباد کے رہائشی35سالہ جمال احمد کے ساتھ پیش آیا جو قومی شاہراہ پر موٹرسائیکل پرسوار ہوکر کام کے سلسلے میں جارہاتھا کہ تیز رفتار ٹرالر نے یوٹرن لینے کے دوران سامنے سے ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں جمال احمد شدید زخمی ہوگیا جبکہ چوتھا حادثہ خان بیلہ کے رہائشی40سالہ رشیداحمد کے ساتھ پیش آیا جسے قومی شاہراہ پر تیز رفتار مسافر بس نے بے قابو ہوکر اس کی موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں رشیداحمد شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے چاروں افراد کو ورثاء نے طبی امداد کے لئے رحیم یارخان شیخ زید ہسپتال منتقل کیاجہاں ایمرجنسی ، آئی سی یو وارڈ اور ٹراما سینٹر میں طبی امداد کے باوجود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے۔ٹھٹھہ صادق آباد سے نامہ نگار کے مطابق جہانیاں بائی پاس پر چک نمبر106دس آر کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار افراد کو روند ڈالا جس سے جہانیاں کے نواحی گاؤں چک نمبر104دس آرکا 3سالہ بچہ سمیع اللہ ولد سیف اللہ شدید زخمی ہو کر دم توڑ گیا جبکہ بچے کا چچا امین ،مختاراں بی بی اور نصرت بی بی سمیت 3افراد زخمی ہو گئے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہانیاں منتقل کر دیا گیا ہے۔دائرہ دین پناہ سے نامہ نگار کے مطابق نواحی علاقہ عباس والاکے رہائشی الطاف حسین موہانہ اپنے9سالہ بیٹے محمدشیرازعرف کالاکے ہمراہ رکشہ پرکھیت کوپانی لگانے احسان پور گھلوموڑکے قریب چاہ یوسے والاپراترے توپیچھے سے آنے والے تیزرفتارموٹرسائیکل کی ٹکرلگنے سے9سالہ شیرازشدیدزخمی ہوکرموقعہ پرجاں بحق ہوگیاجبکہ والدمحفوظ رہے۔نعش گھرپہنچنے پرکہرام مچ گیا۔شادن لُنڈ سے نامہ نگار کے مطابق موضع بیٹ سوائی کا رہائشی محمد آصف سہانی دریائے سندھ کے کنارے بیٹ لونڑ والا میں مچھلی کا شکار کھیل رہا تھا کہ رات کے وقت نا معلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا واقعہ کی اطلاع پر تھانہ کالا پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے نعش کو ریسکیو 1122کے ذریعے شادن لُنڈ ہسپتال منتقل کردیا جہاں نوجوان کے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی پولیس نے وقوعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ورثاء نے میڈیا کو بتایا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی اور ہمارے نوجوان کو بے گناہ قتل کیا گیا ہے قتل کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔محسن وال سے نمائندہ پاکستان کے مطابق میاں چنوں کے علاقہ بورا چوک میں تین مسلح ڈاکوؤ ں کی چکن شاپ پر لوٹ مار ،دوران ڈکیتی مذاحمت پر ڈاکوؤں نے دکان مالک محمد اکرم کوفائرنگ کرکے قتل کردیا،واردات کے بعد شہریوں کی بڑی تعد اد ہسپتال پہنچ گئی،دوسرے واقعہ میں تھانہ سٹی کے گیٹ کے سامنے دو مسلح ڈاکوؤں نے سعودیہ پلٹ شہری عتیق الرحمن سے اسلحہ کے زور پر 125موٹر سائیکل چھین لی اور فرار ہوگئے۔میلسی سے نمائندہ پاکستان کے مطابق بستی احمد پور کے رہائشی غلام حسین کی 15سالہ بیٹی تسلیم بی بی نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر کالا پتھر پی لیا جسے طبی امداد کیلئے بہاولپور لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی دوسرے واقعہ میں موضع زرین کے رہائشی احمد نواز کی بیوی ارم نے گھریلو لڑائی سے دلبرداشتہ ہو کر کالا پتھر پی لیا جسے تشویشناک حالت کے پیش نظر بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور ریفر کر دیا گیا ہے ۔رحیم یار خان سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق حبیب کالونی کارہائشی70سالہ عمررسیدہ عبدالمجید جوکہ اپنے گھر کے چوبارہ سے سیڑھیوں کے ذریعے اتررہاتھا کہ اچانک پاؤں پھسل جانے کے باعث توازن برقرار نہ رکھ پایا اور سر کے بل زمین پر جاگرا جس کے نتیجہ میں عمررسیدہ عبدالمجید شدیدزخمی ہوگیا جسے ورثاء نے طبی امداد کے لئے شیخ زید ہسپتال منتقل کیاجہاں طبی امداد کے باوجود سر پر گہری ضرب کے باعث جانبر نہ ہوپایا اور دم توڑگیا۔

مزید : ملتان صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...