ناجائز اسلحہ کے مقدمے میں ملوث 18ملزمان اشتہاری قرار ،گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم

ناجائز اسلحہ کے مقدمے میں ملوث 18ملزمان اشتہاری قرار ،گرفتار کر کے عدالت میں ...

 لاہور(نامہ نگار )ماڈل ٹاؤن کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ناجائزاسلحہ کے مقدمے میں ملوث 18ملزمان کو عدالت میں پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے5تھانوں کے ایس ایچ اوز کو انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیاہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عامر شہزاد کے روبرو تھانہ کاہنہ، ستوکتلہ،گرین ٹاؤن،ملت پارک اورنواب ٹاؤن پولیس نے ملزمان کے خلاف درج مقدمات کا چالان پیش کیا۔پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو متعدد بار طلبی کے نوٹس بھجوائے جا چکے ہیں مگر ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہو رہے ہیں،ملزمان ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں ملوث ہیں،قانون کے مطابق ناجائز اسلحہ رکھنا جرم ہے،ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد پولیس کو حکم دیا کہ ملزمان کوجلد از جلد گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے اورملزمان کے ضامنوں کے خلاف بھی کارروئی کی جائے ملزمان میں ریاض احمد، محمد اشفاق، محمد منیر، سنی سرور، ذیشان، وسیم سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔

مزید : علاقائی