یوحنا آباد کار ایکسیڈنٹ کی ملزمہ مریم عدالت میں پیش ہو گئی
لاہور(نامہ نگار ) سانحہ یوحنا آباد کار ایکسیڈنٹ کی ملزمہ مریم ماڈل ٹاؤن کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ احمد وقاص کی عدالت میں پیش ہو گئی، واضح رہے کہ عدالت نے ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔جوڈیشل مجسٹریٹ احمد وقاص نے حمید مسیح کی درخواست پر سماعت شروع کی تودرخواست گزار کے وکیل طاہر بشیر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ نے مارچ 2015 ء میں غفلت سے گاڑی چلاتے ہوئے 3افراد کو کچل دیا تھا،حادثہ کے نتیجہ میں 3 افراد عامر مسیح،دانش مسیح اور تنویر موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے،ملزمہ کے خلاف تھانہ نشتر ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے،ملزمہ ضمانت کروانے کے بعد روپوش ہو گئی ،اسکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ملزمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کو عدالت کی جانب سے کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا اوروہ روپوش نہیں ہوئی جس پرعدالت نے ملزمہ پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے کیس کی مزید سماعت28 مارچ تک ملتوی کر دی ہے ۔