پی ایس ایل فائنل ، پولیس شہریوں کی خدمت و حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ، مشتاق سکھیرا

پی ایس ایل فائنل ، پولیس شہریوں کی خدمت و حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے ...

 لاہور(کرا ئم رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہاہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے روز شہر میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے کھلاڑیوں او رشہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پنجاب پولیس بالخصوص لاہور پولیس کے افسروں اور جوانوں کو جذبہ حب الوطنی اور لگن سے فرائض انجام دیتے ہوئے یہ ثابت کرنا ہے کہ پنجاب پولیس کسی بھی چیلنج سے نبردآزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ماضی میں بھی قیام امن کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور مجھے امید ہے کہ پی ایس ایل فائنل کے موقع پربھی وہ شہریوں کی خدمت اور حفاظت کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے ۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کی حساسیت اور حالات کی سنگینی کے حوالہ سے مکمل بریفنگ دیں اور یہ بھی بتایا جائے کہ شائقین سے حسن اخلاق اور شائستگی سے پیش آئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس دربار اور پولیس افسران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی نگاہیں پاکستان سپر لیگ کے فائنل پر ہیں لہذا اس موقع پر آپ سب کو جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر فرائض سرانجام دیتے ہوئے یہ ثابت کرنا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور پنجاب پولیس پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں دنیا کی کسی بھی پولیس فورس سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیسنگ ایک نہایت مقدس پیشہ ہے اور اگر ہم اپنے فرائض خلوص نیت لگن اور دیانت داری سے ادا کریں تو دنیا اور آخرت دونوں میں سرخرو ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میچ شروع ہونے سے لیکر میچ ختم ہونے اور شائقین کے گھروں کو واپس جانے تک پولیس افسران و جوان اپنا ڈیوٹی پوائنٹ قطعی نہ چھوڑیں ۔

مزید : علاقائی