بہادر پاکستانی قوم کے مظبوط جذبوں کو مٹھی بھر دہشتگرد شکست نہیں دے سکتے ،شہباز شریف

بہادر پاکستانی قوم کے مظبوط جذبوں کو مٹھی بھر دہشتگرد شکست نہیں دے سکتے ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں ہونا پورے پاکستان کا اعزاز اور پوری قوم کا انسداددہشت گردی کیلئے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔ پرعزم اور بہادر پاکستانی قوم کے مضبوط جذبوں کو مٹھی بھر دہشت گرد شکست نہیں دے سکتے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی چوہدری محمد جعفر اقبال، سردار منصب علی ڈوگر، ندیم عباس ربیرہ اور رکن صوبائی اسمبلی طارق باجوہ شامل تھے۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ نے پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے کئے جانیوالے اب تک کے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وزیراعظم محمد نوازشریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے فائنل میچ کے سکیورٹی انتظامات کیلئے بھر پورتعاون پر وفاقی وزیرداخلہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی درخواست پر فضائی نگرانی کیلئے ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے پر وزیراعظم محمد نوازشریف اوروفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ سکیورٹی انتظامات کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے اور ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اتنے بڑے ایونٹ کیلئے تقریباً 10 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جا رہے ہیں جو لاہو رجیسے بڑے شہر میں میگاایونٹ کرانے کیلئے قطعاً زیادہ نہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے پنجاب پولیس اور رینجرز کی اب تک کی گئی مشترکہ کارروائیوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔دریں اثنا ء شہباز شریف سے گورنر گلگت بلتستان غضنفرعلی خان نے ملاقات کی،گورنر گلگت بلتستان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اورآپ نے قوم کی امنگوں کے مطابق بہترین فیصلہ کیا ہے ۔لاہور میں فائنل میچ کا انعقاد پوری قوم کی آواز ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپ نے لاہور میں فائنل کا انعقاد کا فیصلہ کر کے شائقین کرکٹ کے دل جیت لئے ہیں ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل میچ ایک قومی ایونٹ ہے اوراسے ہر لحاظ سے یاد گار بنائیں گے۔ قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان بیگم رانی عتیقہ غضنفربھی اس موقع پر موجود تھیں۔جبکہشہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواتین نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے اور انہوں نے اپنی قابلیت اور محنت سے دنیا میں بھی وطن عزیز کا نام روشن کیا ہے۔دیہات میں بسنے والی خواتین انتہائی محنتی اور جفاکش ہیں اوردیہی معیشت کی ترقی میں ان خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے ویمن کمیشن کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری محکموں میں خواتین کیلئے ملازمت کا کوٹہ 15 فیصد مختص کیا گیا ہے۔ سرکاری ملازمت کے حصول میں خواتین کو عمر میں 3 سال کی رعایت دی گئی ہے۔ سرکاری اداروں کے بورڈز میں خواتین کی نمائندگی 33 فیصد ہے۔ انجینئرنگ، میڈیکل اوردیگرعلوم کی تعلیم حاصل کرنے والی خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر عملی میدان میں دکھانا ہے تاکہ پاکستانی معاشرہ ترقی کرسکے۔ صوبائی وزراء حمیدہ وحیدالدین، عائشہ غوث پاشا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ، چیئرپرسن پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف وومن، چیئرپرسن ٹاسک فورس برائے ویمن امپاورمنٹ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رات گئے قذافی سٹیڈیم اور دیگر ملحقہ علاقوں کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا اور پی ایس ایل کے فائنل میچ کے لئے شائقین کرکٹ کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا2گھنٹے تک تفصیلی جائز ہ لیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے سکیورٹی پلان او ردیگر انتظامات کے بارے بریفنگ دی ۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم کی نظریں فائنل میچ پر ہیں اور میچ کو ہر صورت کامیاب کرائیں گے۔انہوں نے کہاکہ شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم میں آنے کے لئے ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی اور شائقین کو بہترین او رپرامن ماحول میں میچ دیکھنے کو ملے گا۔تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے انتظامات کو خوب سے خوب تربنایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پارکنگ سے سٹیڈیم تک شائقین کرکٹ کو لے جانے کے لئے فری شٹل سروس چلے گی اور میچ کے اختتام پربھی شائقین کرکٹ کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔وزیراعلی نے سٹیڈیم میں پانی کی فراہمی کے لئے موجود زنگ آلود واٹر ڈسپنسر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی سرزنش کی اور ز نگ آلود واٹر ڈسپنسر کو فوری طو ر پر تبدیل کرنے کا حکم دیا اور کہاکہ انتظامات ہر لحاظ سے معیاری ہونے چاہیے اور میں اس ضمن میں کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ وزیراعلی نے قذافی سٹیڈیم میں ٹائلٹس میں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ٹائلٹس میں صفائی کے انتظامات بہترین ہونے چاہیے اوراس ضمن میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حکام خود موقع پر موجود رہیں۔وزیراعلی نے پارکنگ میں پبلک ایڈریس سسٹم کے نظام اور سٹیڈیم کے باہر شائقین کرکٹ کے لئے قائم کئے گئے کیبنز کا بھی معائنہ کیا۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ میچ کے لئے کئے گئے تمام انتظامات اور سہولتوں کا مکمل آڈٹ کر کے کل صبح تک رپورٹ پیش کی جائے۔چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...