آج قذافی سٹیڈیم میں رنگ و نور کی برسات ہوگی ، لاہور میں سج گیا میدان جھوم رہا ہے :پاکستان

آج قذافی سٹیڈیم میں رنگ و نور کی برسات ہوگی ، لاہور میں سج گیا میدان جھوم رہا ...

لاہور، کراچی ، پشاور ، گلگت (آن لائن،اے این این)کرکٹ کا خمار دبئی سے پاکستان منتقل ہوگیا ۔کراچی سے پشاور، گلگت سے گوادر، ہر طرف کرکٹ فیور پھیل گیا۔پاکستان سپر لیگ کا دھواں دھار فائنل آج لاہور میں ہوگا۔پورے ملک میں شائقین کرکٹ پر جوش ہیں ، کسی کی فیورٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرزہے تو کسی کی پشاور زلمی، میچ دیکھنے کیلئے سب نے اپنی اپنی تیاری کرلی ۔شہر شہر گلی گلی بس کرکٹ ہی کرکٹ ہو گی،پنجاب ہو یا خیبر پختونخوا ،سندھ یابلوچستان ،سب ہوں گے ایک جان ، پورا پاکستان جشن منائے گا۔جنہیں سٹیڈیم کے ٹکٹ ملے ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ، بہت سو ں نے دوستوں کیساتھ بڑی سکرین لگا کر فائنل دیکھنے اور یادگار بنانے کا فیصلہ کرلیا۔پی ایس ایل فائنل کیلئے قذافی سٹیڈیم سج گیا، کاؤنٹ ڈاؤن کیساتھ دھڑکنیں بھی تیز ، میگا ایونٹ کو سحرانگیز بنانے کی تیاریاں مکمل ، ساؤنڈ سسٹم اور واک تھرو گیٹ لگ گئے ، ٹکٹوں کی آن لائن سیل بھی دوبارہ شروع ہو گئی۔قذافی اسٹیڈیم میں سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ سٹیڈیم کا فضائی جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز نے علاقے کا دورہ کیا۔فائنل ایونٹ کیلئے مخصوص پارکنگ ایریاز میں محکمہ ایکسائزکی 5 ٹیمیں تعینات ،ہر گاڑی کا ڈیٹا چیک ہوگا، پارکنگ سے سٹیڈیم تک جانے کیلئے شٹل سروس کی بسیں بھی پہنچ گئیں۔قذافی اسٹیڈیم کے داخلی راستے اورگیٹ دلکش منظر پیش کرنے لگے، لاہور روشنیوں میں نہاگیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے، واک تھروگیٹ لگاکرسیکیورٹی اہلکارتعینات کر دیئے گئے۔

کرکٹ خمار

لاہور ( این این آئی) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے غیر ملکی کھلاڑیوں کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آج ( اتوار ) پی ایس ایل 2017ء کا فائنل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کے میڈیا مینیجر کے مطابق جن غیر ملکی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا، ان میں بنگلہ دیش کے انعام الحق، زمبابوے کے شون اروائن اور ایلٹن چیگمبورا جبکہ جنوبی افریقہ کے مورن وین ویک اور رایاد امرٹ شامل ہیں۔دوسری جانب پاکستان کے اعزاز چیمہ کو بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، مارلن سیموئلز ،کرس جارڈن سمیت تمام غیر ملکی کھلاڑی لاہور میں جوہر دکھائیں گے۔

فائنل سکواڈ

لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ملاقات کی جس میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے لیے کیے جانے والے اب تک کے سیکیورٹی انتظامات پراطمینان کا اظہارکیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ نے اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے فائنل کے لیے اضافی سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے بیان کو مسترد کردیا۔شہبازشریف نے کہا کہ فائنل میچ کے لیے 60 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں کا بیان حقائق کے منافی ہے، سیکیورٹی پر سمجھوتہ کیے بغیر ہروہ اقدام اٹھایا جائے گا جس سے شہریوں کے روز مرہ معمولات میں کوئی رکاوٹ نہ پڑے۔ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے شہبازشریف کو گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی اجلاس کے بارے میں بھی آگاہ کیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے پنجاب پولیس اور رینجرز کی اب تک کی گئی مشترکہ کارروائیوں پر بھی اطمینان کا اظہارکیا۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...