ملاکنڈ ڈویژن کی تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،عنایت اﷲ

ملاکنڈ ڈویژن کی تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،عنایت اﷲ

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے متعلقہ حکام کو ملاکنڈ ڈویژن میں ترقیاتی عمل کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے کمیونٹی ڈرائیون لوکل ڈیویلپمنٹ(سی ڈی ایل ڈی) پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں میں کمیونٹی شراکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔یہ ہدایت انہوں نے لوکل گورننس سکول حیات آباد پشاور میں سی ڈی ایل ڈی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ اور کوآرڈینیٹر سید رحمن بھی موجود تھے۔سی ڈی ایل ڈی کے کوآرڈینیٹر نے پروگرام کے 2018سے2020تک توسیع، ضلع بونیر کی شمولیت، انڈومنٹ فنڈ کی فراہمی اور جاری ترقیاتی سکیموں سے متعلق امور کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلی طور آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی ایل ڈی پروگرام میں ضلع بونیر جو تاریخی، سیاحتی اور ثقافتی حیثیت رکھتی ہے کو بھی پروگرام میں شامل کیا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ملاکنڈ ڈویژن کی آبادی کو نہ صرف خاطر خوا ہ سہولیات میسر آئیں گی بلکہ ان کی محرومیوں کا ازالہ بھی ممکن بنایا جا سکے گا۔سینئر وزیر نے کہا کہ ملاکنڈ کے عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان اقدامات سے عوام کو درپیش انکے زیادہ سے زیادہ مسائل حل کرنے میں مددملے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کہ اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں جبکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بھی احسن طریقے سے سرانجام دیں تاکہ ملاکنڈ کے عوام صوبے کی دیگر ترقیاتی اضلا ع کے عوام کی طرح بنیادی سہولیات سے استفادہ کرسکیں

مزید : کراچی صفحہ اول