فرسودہ نظام اور معاشی برائیوں سے پاک معاشرہ کے قیام کیلئے کوشاں ہیں : اسد قیصر

فرسودہ نظام اور معاشی برائیوں سے پاک معاشرہ کے قیام کیلئے کوشاں ہیں : اسد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجوہ حکومت فرسودہ نظام اورمعاشرتی برائیوں سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے بھر پو راقدامات کر رہی ہے صوبائی اسمبلی نے گذشتہ چار سالوں میں موثر قانون سازی کے ذریعے سودخوری کے خاتمے ،جہیز اور موبائل فون اور انٹر نیٹ کے نائٹ پیکجز دینے پر پابندی سمیت کئی قوانین اور تاریخی اصلاحات نافذکی ہیں جس کی بدولت نہ صرف اداروں پر عوا م کا اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ بہتر طرزحکمرانی کی بنیاد بھی رکھی گئی ہے جس کی دیگر صوبے بھی تقلید کر رہے ہیں ۔اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں مقامی سطح پر بننے والی فلموں میں فحاشی کے روک تھام اور صوبائی سنسر بورڈ کے قیام کا بل بھی پیش کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روزسپیکر ہاؤس پشاور میں پی کے 35صوابی سے ڈسٹرکٹ ممبران ریاض خان اور ستارباچا کی قیادت میں آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقات اور حلقہ نیابت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر محکمہ مواصلات وتعمیرات ،آبنوشی ،آبپاشی اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کے علاوہ عمائدین علاقہ بھی کثیر تعداد میں موجودتھے ۔ایکسین ایریگیشن یاسین خان اور متعلقہ حکام نے سپیکر کو پی کے ۔35صوابی میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔حکام نے بتایا کہ ڈیڑھ کروڑ کی لاگت سے پابینی سپورٹس گراونڈ تکمیل کے مراحل میں ہے جبکہ 2کروڑ 50لاکھ روپے کی لاگت سے ہائیر سیکنڈری سکو ل پر کام جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ پجمن میں سکولوں کی سٹینڈر ڈ رائزیشن سمیت آبنوشی کے سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ یونین کونسل ٹھنڈکوئی میں گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کے قیام کے لئے فزیبیلٹی رپورٹ جلد پیش کی کر دی جائے گی ۔حکام نے مزید بتایا کہ کڈی میں ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے کی لاگت سے نہر پر پلوں کی تعمیر اورکنڈاؤتابوقو 2کلومیٹر روڈ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے ۔ اس موقع پر وفودنے جھنڈہ تابوقوچارکلو میٹر روڈ کی تعمیر، سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے سمیت حلقے میں سولر ٹیوب ویلوں اور سولرلائٹ کی تنصیب کا مطالبہ بھی کیا ۔ سپیکر اسدقیصرنے متعلقہ حکام کو اپنے حلقہ نیابت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اعلیٰ معیارکویقینی بناتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے اور30جون سے قبل منصوبوں کی تکمیل کی ہدایت بھی کی۔وفود سے خطاب کر تے ہوئے سپیکر نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں آبنوشی ،مواصلات اور آبپاشی کی سکیموں کی تکمیل کیلئے 25ارب روپے جاری کئے جائیں گے ۔ اسد قیصر نے کہا کہ ٹھنڈ کوئی میں رمضان سے قبل بجلی کے فیڈر کے مسئلے کوبھی حل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے پہلی مرتبہ اپنے فنڈ ز سے بجلی اور گیس کے منصوبوں کے لئے بھر پور فنڈ فراہم کئے ہیں ۔سپیکر نے کہا کہ صوابی کو گیس کی فراہمی کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر ویز خٹک نے باضابطہ طور پر وزیر اعظم کو خط لکھا ہے جس کے جواب کی صوبائی حکومت تاحال منتظر ہے جبکہ 8مارچ کو پشاور ہائی کورٹ میں وزیر اعظم اور وفاقی وزیر برائے گیس وپٹرولیم اور محکمہ سوئی گیس کے حکام کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت میں بھی خاطر خواہ پیش رفت کا امکان ہے ۔ اسد قیصر نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے خاطرخواہ اقدامات اٹھارہی ہے ۔صوبائی اسمبلی کی قراردادکے ذریعے 3300ڈاکٹروں اور محکمہ آبپاشی کے ملازمین کو مستقل کیا گیا۔اس موقع پرانہوں نے انکشاف کیا کہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے لئے پیکج لانے اور NTSکے ذریعے ہزاروں کی تعداد میں بھر تی ہونے والے اساتذہ کی ریگولر ارئزیشن کے لئے آئندہ بجٹ میں فنڈ ز بھی مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں میں تعینات سب انجینئر زکو ٹائم سکیل دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت گذشتہ انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر تیزی سے گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں صرف کھوکھلے نعروں پر نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیادپر عوام کی عدالت میں پیش ہوں گے ۔