چارسدہ ،جمعیت کا مولانا کلیم اللہ کے قاتلوں کی گرفتاری پر پولیس کو خراج تحسین

چارسدہ ،جمعیت کا مولانا کلیم اللہ کے قاتلوں کی گرفتاری پر پولیس کو خراج ...

چارسدہ (بیورو رپورٹ) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور جمعیت علمائے اسلام نے مولانا کلیم اللہ کے قتل میں ملوث تین ملزمان کی بر وقت گرفتار ی کو قابل ستائش قرار دیکر مزید چار ملزمان کو انٹر پول کے ذریعے پاکستان لانے کا مطالبہ کر دیا ۔ مولانا کلیم اللہ کی کمی رہتی دنیا تک پوری نہیں کی جاسکتی مگر ان کے ادھوری مشن کو ضرور پایہ تکمیل تک پہنچایا جا ئیگا۔ مولانا محمد ہاشم خان ۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع چارسدہ کے قائدین ضلعی امیر مولانا محمد ہاشم خان ، تحفظ ختم نبوت کے ضلعی مبلغ ساجد اللہ ، ضلعی ناظم نجیب الاسلام ، ایم سی ون کے جنرل کونسلر مولانا مدثر ، مولانا واسع اللہ ، جان عالم ، مولانا عبدالوہاب ، حاجی کلیم اللہ کے بھائیوں شاہد اللہ ، ساجد اللہ ، جے یوآئی کے ترجمان عطاء اللہ ، محمد جان عالم اور دیگر نے چارسدہ پریس چیمبر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے مولانا کلیم اللہ کے قتل میں ملوث تین ملزمان کی گرفتاری پر اظہار اطمینان کر تے ہوئے ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد سے مطالبہ کیا کہ قتل کی سازش تیار کرنے والے بیرون ملک مقیم چار بھائیوں عمران ، شبیر ، شاہ واصل اورسیف الرحمان کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان واپس لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تمام ملزمان کو پھانسی کی سزا دیکر نشان عبرت بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مولانا کلیم اللہ کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور کیس کے حوالے سے وقتاً فوقتاً حکومت اور ذمہ دار اداروں سے رابطے جاری رکھے ۔ انہوں نے ڈی ایس پی نذیر خان ، ایس ایچ او گل شید خان،سی آئی او امیر نواز ، سب انسپکٹر جہانگیر اور دیگر پولیس حکام کو بروقت کاروائی کرنے اور کیس میں غیر معمولی دلچسپی لینے پر خراج تحسین پیش کیا ۔ دریں اثناء رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے ڈی پی او چارسدہ اور دیگر پولیس افسران کو مولانا کلیم اللہ کے قتل کے محرکات اور ملوث ملزمان کی گرفتار ی کو قانون اور انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ چارسدہ پولیس گھناؤنے منصوبے کے دیگر کر داروں کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لا کھڑی کریگی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر