آپریشن رد الفساد وقت کی اہم ضرورت ہے،شاہ اویس نورانی

آپریشن رد الفساد وقت کی اہم ضرورت ہے،شاہ اویس نورانی

کر اچی( اسٹاف رپورٹر )جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود تھی، جمعیت علماء پاکستان نے سب سے پہلے اس بات کی نشاندہی کی کہ آپریشن کراچی سے خیبرتک ہر علاقے میں بلا تفریق کیا جائے، کراچی و حیدرآباد سے نکلنے والے دہشت گرد اندرون سندھ کی طرف چلے گئے اور پنجاب میں موجود دہشت گرد محفوظ ہی رہے، اب صوبے پنجاب میں آپریشن شروع ہوتے ہی ہر طرف سے سیاسی دباؤ بڑھایا جا رہا ہے، آپریشن کو سیاست کی نظر نہ کیا جائے بلکہ ملکی بہتری میں سوچا جائے،پنجاب دہشت گردوں کی سب سے بڑی آماجگاہ ہے، آپریشن رد الفساد کی کامیابی کے بعد امن کا نیا دور شروع ہوگا، تمام وطن پرست سیاسی و مذہبی جماعتیں پاک فوج کے ساتھ ہیں،جمعیت علماء پاکستان شعبہ اطلاعات و نشریات کے ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ آپریشن رد الفساد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،اسے صوبائیت کا رنگ دینے والے منفیت کو عام کر رہے ہیں،جو بھی مجرم ہو اس کے خلاف یقینی مگر ثبوت کی بنیاد پر کاروائی کی جائے،پختون اس ملک کی مہذب اکائی ہیں،کسی کو بھی قومیت و صوبائیت پر سیاست کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں،تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق آپریشن کیاجائے اور ملک میں امن و امان قائم کیا جائے،مزید نقصانات نہیں برداشت کرسکتے ہیں،جب سے آپریشن رد الفساد شروع کیا گیا تب سے مختلف قسم کے تبصرے کیے جا رہے ہیں،موجودہ صورتحال میں صوبائیت کا نعرہ لگانا نا مناسب ہے، شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ جتنے اخراجات پی ایس ایل کے فائنل پر کئے گئے اتنے اخراجات سے پاکستان بحر کے مزارات محفوظ بنائے جاسکتے تھے ،قوم کو کھیل مصروف کر کے اصل معاملات سے توجہ ہٹادی جا تی ہے،اس وقت کل بھوشن یادو اور پانامہ کیس کا فیصلہ اہم ہے، عوام تاریخی فیصلوں کی منتظر ہے، مگر میڈیا کو چوبیس گھنٹے پی ایس ایل کی خبروں کے لئے مصروف کردیا گیا ہے ، عوام کو حقائق اور حالات حاضرہ کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا جا رہا ہے،پانامہ کیس کا فیصلہ جتنا جلد آئے گا اتنا ہی زیادہ بہتر ہے،بھارت کل بھوشن یادو کے معاملے کو بگاڑنے کے لئے پاکستان میں دھماکے کروارہا ہے ، مضبوط خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...