چیئر لیڈرز کو مکمل کپڑے پہنا کر کم سے کم ڈانس کرایا جائے: اسلامی نظریاتی کونسل کی نجم سیٹھی کو تجویز
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ کا فائنل کچھ ہی دیر میں شروع ہونے جا رہا ہے اور ایک ایسے وقت میں جبکہ پورے پاکستان کی نظریں اس ایونٹ پر ٹکی ہوئی ہیں اسلامی نظریاتی کونسل نے چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کو ایسا خط لکھ دیا ہے کہ جان کر شائقین کرکٹ بھی سوچ میں پڑ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے نجم سیٹھی کے نام لکھے گئے خط میں پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے دہشتگرد ی کے خوف کے بت کو پاش پاش کرنے کا ذریعہ قرار دیا ہے اور ساتھ ہی کچھ تجاویز بھی دے دی ہیں۔
علی ظفر نے اپنے مداحو ں کے اصرار پر پی ایس ایل میں بلا معاوضہ پر فارم کرنے کا اعلان کردیا
اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے دی جانے والی تجاویز میں کہا گیا ہے کہ خواتین اور مردوں کو الگ الگ بٹھایا جائے اور خواتین کو بے پردگی سے بچایا جائے۔ گراﺅنڈ میں نشیلی اشیا پر پابندی اور خواتین کے انکلوژر میں لائٹنگ زیادہ رکھی جائے۔
پی ایس ایل فائنل سے قبل ایسا کھلاڑی منظر عام پر آگیا کہ کھیل دیکھ کر آپ بھی داد دیں گے
اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے سب اہم تجویز چیئر لیڈرز کے حوالے سے دی گئی ہے ۔ اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے ” ہمیں سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ ہر چوکے اور چھکے پر مختصر کپڑوں میں ملبوس ڈانس کرنے والی نوجوان لڑکیاں بھی پاکستان پہنچ چکی ہیں ، ان خواتین کو ڈانس کی ہر گز اجازت نہ دی جائے اور اگر آپ کے کنٹریکٹ کے تحت ان کو لانا ضروری بھی ہے تو ان کو مکمل کپڑے پہنا کر لایا جائے اور کم سے کم ڈانس کرایا جائے“۔