نامعلوم شخص نے ایسی ایٹمی چیز فلاحی تنظیم کو عطیہ کردی کہ پوری دنیا میں ہلچل مچ گئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک شخص نے کتابوں سے بھرا ایک سوٹ کیس فلاحی تنظیم کو عطیہ کیا۔ جب تنظیم کے سٹور کے عملے نے سوٹ کیس کھول کر دیکھا تو اس میں سے ایک ایسی چیز نکل آئی کہ سب دنگ رہ گئے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہر پورتھ میڈوگ میں واقع برنارڈو کے سٹور پر عطیہ کیے گئے بیگ میں سے حیران کن طور پر برطانوی فوج کی ایٹمی آبدوز HMS Trafalgarکا خاکہ برآمد ہوا جو سردجنگ کے زمانے میں استعمال کی جاتی رہی تھی۔
سٹور کی منیجر سٹیلا پارکر کا کہنا ہے کہ ”یہ خاکہ سوٹ کیس کے سائیڈ والے خانے میں موجود تھا جوتقریباً 6فٹ کے کاغذ پر بنایا گیا تھا۔ ۔ شاید عطیہ کرنے والے شخص کو نہیں معلوم تھا کہ اس میں یہ چیز بھی موجود ہے۔ جب ہمارے سٹاف نے یہ خاکہ دیکھا تو بہت حیران ہوئے۔ اگرچہ عطیہ کیے گئے سامان سے اس طرح کی غیرمتوقع چیز کا ملنا کوئی اچنبھے کی بات بھی نہیں لیکن آج تک ایسی کوئی چیز یہاں نہیں آئی۔ ہم اس خاکے کی بھی نیلامی کریں گے اور حاصل ہونے والی رقم فلاحی کاموں پر خرچ کریں گے۔“