گڑھی بابوزئی کو سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرایا جائیگا ،محمد عاطف خان

گڑھی بابوزئی کو سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرایا جائیگا ،محمد عاطف خان

  



پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت,ثقافت،کھیل وامورنوجوانان محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ مردان کا علاقہ گڑھی بابوزئی قدرتی طور پر حسین علاقہ ہے جیسے نئے سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کیا جائیگا۔جہاں سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر نے ضلع مردان کے سیاحتی مقام گڑھی بابوزئی وائلڈ لائف سائٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر پی کے 48 کے ممبر صوبائی اسمبلی ملک شوکت، محکمہ سیاحت اور وائلڈ لائف کے حکام بھی سینئر وزیر کے ہمراہ تھے۔وزیر سیاحت عاطف خان نے کہا کہ علاقے میں مقامی آبادی کی جانب سے محکمہ وائلڈ لائف کے ساتھ مل کر نایاب چرند پرند کو قدرتی ماحول فراہم کرنا قابل ستائش ہے۔ اس مقام کو ایک بہترین پکنک سپاٹ بنایا جائے گا اور سیاحوں کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔اس جگہ کو سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرنے سے مقامی سطح پر معیشت فروغ پائے گی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔سینئر وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاحت کو فروغ دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔صوبہ خیبر پختوخوا قدرتی حسن سے مالامال ہے۔ان قدرتی جگہوں کو روڈ سمیت دیگر تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔5 سال بعد سیاحت کا شعبہ صوبے کی معیشت کو اچھی آمدن فراہم کریگا۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دیکر صوبے کی معیشت کو ترقی دی جاسکتی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر