پاکستان سپر لیگ کے میچ کراچی منتقل کرنے کا عاجلانہ فیصلہ

پاکستان سپر لیگ کے میچ کراچی منتقل کرنے کا عاجلانہ فیصلہ

  



لاہور کے شہریوں نے پاکستان سپر لیگ کے کرکٹ میچ لاہور سے کراچی منتقل کرنے پر احتجاج کیاا ور کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے زندہ دلان لاہور اور شائقین کرکٹ کے دل توڑ دیئے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے متحدہ عرب امارات سے یہ اعلان کر کے شہریوں کو مایوس کیا کہ فلائٹ آپریشن کی معطلی کے بعد آمد و رفت کی مشکلات درپیش ہیں۔ اس لئے پی ایس ایل میں شامل ٹیموں کے منتظمین سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ ہنگامی صورت حال کی وجہ سے جہازوں کی آمد و رفت بہت بری طرح متاثر ہوئی، ہے اس لئے سفر میں بہتری کے لئے یہی طے کیا گیا کہ باقی سب میچ کراچی کرائے جائیں۔ لاہور میں تین میچ کھیلے جانے تھے اور ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں احسان مانی کے مطابق شائقین کو ٹکٹوں کے پیسے واپس کر دیئے جائیں گے۔جہاں تک پاکستان کرکٹ بورڈ کا تعلق ہے تو اس کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹ کو پاکستان میں واپس لانے کے لئے مسلسل کوشش کی جا رہی ہے اور پی ایس ایل کے فائنل سمیت نو میچ پاکستان میں کرانے کا اہتمام کر لیا گیا تھا۔ ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑی بھی تعاون پر آمادہ ہیں تاہم حال ہی میں بھارتی جارحیت کے باعث حالات نے رخ تبدیل کیا اور جنگی خدشات کے پیش نظر پاکستان کے ہوائی اڈے بند کر کے فلائٹ آپریشن معطل کر دیئے گئے تھے بعد ازاں حالات میں قدرے بہتری آنے پر کراچی اور اسلام آباد سے پروازوں کا سلسلہ بحال کیا گیا۔ بورڈ کے چیئرمین نے جلد بازی کا مظاہرہ کیا نہ معلوم وجوہات کی بناء پر از خود ہی فیصلہ کیا اور لاہور کے میچ بھی کراچی منتقل کر دیئے حالانکہ لاہور سے بھی 4 مارچ کو پروازوں کا سلسلہ باقاعدگی سے شروع کر دیا گیا ہے۔ بورڈ چیئرمین پاک بھارت تعلقات کی اونچ نیچ سے اچھی طرح واقف ہیں اور اسی غرض سے وہ بھی اپنے پیش رو کی طرح ملک میں کرکٹ بحالی کے مشن پر گامزن تھے، یہ فیصلہ تو اور بھی دو دن کی تاخیر سے ہو سکتا تھا کہ پاکستان میں میچوں کا سلسلہ 9 مارچ سے شروع ہونا ہے تاہم انہوں نے جلد بازی سے لاہور کے میچ کراچی منتقل کر دیئے۔ اس سے عام شہری بھی مایوس ہوئے کہ پاکستان کی بھرپور مہم اور محنت کے بعد حالات بہتری کی طرف مائل ہیں۔ اب یہی شہری دعا گو ہیں کراچی میں میچوں کا سلسلہ پر لطف ثابت ہو اور کسی کی نظر نہ لگے۔ لاہور کے شائقین ٹی وی پر دیکھ کر محظوظ ہو لیں گے۔ تاہم بورڈ نے اگر ٹکٹوں کے پیسے واپس کرنے کا یقین دلایا ہے تو اس میں جلدی کرنا اور موثر ترین انتظام کے ذریعے یہ پیسے واپس کرنا چاہئیں۔

مزید : رائے /اداریہ


loading...