ضلع مہمند کے خشک پہاڑوں کو موسم بہار میں سرسبز و شاداب بنائینگے ،ساجد خان

ضلع مہمند کے خشک پہاڑوں کو موسم بہار میں سرسبز و شاداب بنائینگے ،ساجد خان

  



مہمند ( نمائندہ پاکستان) ضلع مہمند کے خشک پہاڑوں کو موسم بہار میں سرسبز و شاداب بنائینگے۔ پودوں کی حفاظت عوام اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہر شخص اپنے بھرت ڈے کے موقع پر رضا کارانہ ایک ایک پودا لگائیں۔ مہمند پریس کلب میں ایروکیریا کا پودا لگا کر موسم بہار شجرکاری کو جاری رکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند میں شجر کاری مہم بڑھ چڑھ کر جاری ہے۔ اس سلسلے میں پیر کے روز چیئر مین سٹینڈینگ کمیٹی برائے سیفران ایم این اے ساجد خان مہمند نے مہمند پریس کلب میں ایروکیریا کا پودا لگا کر موسم بہار شجر کاری مہم کو جاری رکھا۔ بعد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ساجد خان مہمند ، ڈویژنل آفیسر فرحت اللہ نے کہا کہ ہماری بھر پور کوشش رہے گی کہ ضلع مہمند کے خشک پہاڑوں کو سر سبز و شاداب بنانے کیلئے مشترکہ طور پر جدوجہد جاری رکھیں۔ کیونکہ ہر فرد کو چاہئے کہ وہ اپنے یوم پیدائش کے موقع پر ایک ایک پودا لگائے۔ اس منصوبے پر جلد کام شروع کیا جائیگا۔ گرین پاکستان میں ضلع مہمند کو شامل کر کے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو پورا کیا جائیگا۔ اس موقع پر انہوں نے لوگوں میں پودے بھی تقسیم کئے اور کہا کہ عوام اور محکمہ جنگلات متفقہ طور پر اس پودوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ جنگلات کو فروغ دینے کیلئے محکمہ جنگلات کے ساتھ مکمل تعاون کی ضرورت ہے ۔ جس سے ہمارے اور محکمہ جنگلات کے مشکلات میں کافی حد تک کمی آسکے گی۔ اس موقع پر مہمند پریس کلب کے صدر فخر عالم مہمند نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام صحافی حضرات محکمہ جنگلات کے ساتھ بھر پور تعاون کر کے ان کی کوریج کو یقینی بنائینگے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر