روسی مارکیٹ میں پاکستانی بر آمدات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع ہیں : کاروباری وفد
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) روس کے شہر ماسکو میں کاروبار کرنے والے پاکستانی تاجروں کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور مقامی تاجر برادری سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ روس کی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں لہذا پاکستان کی بزنس کمیونٹی روس کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ وفد میں روس میں پاکستانی کمیونٹی کے چیئرمین نور حبیب شاہ، ڈاکٹر شاہد حسن، شاہد گھمن اور دیگر شامل تھے۔وفد کے اراکین نے کہا کہ تیل و گیس کے علاوہ روس اپنے عوام کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 95فیصد سے زائد چیزیں باہر سے امپورٹ کرتا ہے اور پاکستانی تاجروں کیلئے یہ بہت اچھا موقع ہے کہ وہ روس کے ساتھ برآمدات کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی چیزیں، ٹیکسٹائل مصنوعات، آلات جراحی، فارماسوٹیکلز، چمڑے کی مصنوعات اور کھیلوں کا سامان سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات روس کی مارکیٹ میں کافی مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بعض مصنوعات یورپ اور امریکہ کے ذریعے روس کی مارکیٹ میں کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان روس کے ساتھ براہ راست تجارت کرنے پر توجہ دے جس سے دونوں ممالک کیلئے زیادہ بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔وفد کے اراکین نے کہا کہ سیالکوٹ کی تقریبا 12سے 15کمپنیوں نے ماسکو میں اپنے وفاتر کھول لئے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مزید کمپنیاں روس میں رجسٹر ہونے کی کوشش کریں کیونکہ روس میں کاروبار کرنا بہت آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی برآمدات کیلئے زیادہ تر یورپ اور امریکہ پر توجہ دیتا ہے حالانکہ روس پر بہتر توجہ دے کر پاکستان اپنی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو میں 16ہزار بڑے ہول سیل سٹور ہیں جن میں پاکستانی مصنوعات کی کیلئے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیمبر اپنا ایک وفد ماسکو لے جانے پر غور کرے تا کہ وہاں پاکستانی برآمدات کیلئے پائے جانے والے مواقعوں کا خود جائزہ لے سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ چیمبر کے وفد کے دورے کو کامیاب کرانے میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ ماسکو سمیت روس کے بڑے شہروں میں پاکستان کے وئیر ہاؤسز کھولنے میں نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرے تا کہ روس کی مارکیٹ میں پاکستان کی مصنوعات کو بہتر طور پر متعارف کرایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس ایک دوسرے کے ملک میں بینک برانچیں کھولنے کی کوشش کرے جس سے دونوں ممالک کے درمیاں باہمی تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر اپنا ایک وفد روس لے جانے پر غور کرے گا۔