کراچی ‘ملک کے سب سے بڑے شوکت خانم کینسر ہسپتال کی تعمیرشروع

کراچی ‘ملک کے سب سے بڑے شوکت خانم کینسر ہسپتال کی تعمیرشروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)پاکستان کے تیسرے اور سب سے بڑے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کراچی کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ہے جو کہ دسمبر2021میں مکمل ہو جائے گا ۔ ہسپتال کی انتظامیہ کی طرف سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیاکے نمائندوں کو اس منصوبے کی جگہ کا دورہ کروایا گیا اور اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر ہسپتال کے ڈائیریکٹر مارکیٹنگ طارق ا عظم کا کہنا تھا کہ'' شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی ساکھ کو دیکھتے ہوئے اس پروجیکٹ کے لیے ڈی ایچ اے سٹی کراچی کی طرف سے 20ایکڑ زمین رعایتی نرخوں پر فراہم کی گئی تھی جہاں اب پاکستان کے تیسرے ا ور سب سے بڑے شوکت خانم کینسر ہسپتال تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔ یہ ہسپتال اپنی میڈیکل ٹیکنالوجی اور گنجائش کے اعتبار سے لاہور اور کراچی کے ہمارے ہسپتالوں سے زیادہ بہتر ہو گا۔ منصوبے کی لاگت اور یہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ "شوکت خانم میموریل ٹرسٹ اپنی روایت اور مشن کے پیشِ نظر شوکت خانم میموریل کینسرہسپتال کراچی میں بھی 75فیصد سے زائد مریضوں کو کینسر کے علاج کیلئے مالی معاونت کی فراہمی جاری رکھے
گا۔اس ہسپتال کی تعمیر تین سال کے اندر مکمل ہونے کی توقع ہے جس پر 6.2 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ کراچی کے اس جدید ترین شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹرکو ، شوکت خانم ہسپتال لاہور اور پشاور کی طرز پر عرصہ تین سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے دسمبر 2021ء میں مریضوں کیلئے کھولنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد یہاں تمام ضروری کلینیکل اور متعلقہ شعبہ جات موجود ہونگے جن میں میڈیکل اونکالوجی، پیڈیاٹرک اونکالوجی، کلینکل اورریڈی ایشن اونکالوجی، سرجیکل اونکالوجی، انیستھیزیا، ریڈیالوجی، انٹرنل میڈیسن، نیوکلیئر میڈیسن اور پتھالوجی کی سہولیات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کینسر کے علاج میں درکار جدید ترین ٹیکنالوجی بشمول اعلیٰ ترین تشخیصی سہولیات، ریڈی ایشن ٹریٹمنٹ پلاننگ اور ڈلیوری سسٹم بھی مہیا کیے جائیں گے۔ 47آؤٹ پیشنٹ کلینک،66بیڈ کی کیموتھراپی ، 175ان پیشنٹ روم، 16آپریشن تھیٹر اور 24انتہائی نگہداشت یونٹ کی موجودگی میں یہاں زیادہ سے زیادہ کینسر کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جاسکیں گی"

اس منصوبے کی ضرورت اور اہمیت کے بارے میں طارق اعظم نے بتایا کی '' 2010 ء کے دوران ، کراچی میں شوکت خانم ڈائیگناسٹک سینٹر اور کلینک کے قیام کا مقصد بھی ٹرسٹ کے اس عزم کا اظہار تھا کہ پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر کراچی کے لوگوں کو ان کے گھر کے قریب کینسر کی معالجاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اسی وژن کے ساتھ، شوکت خانم میموریل ٹرسٹ نے 29دسمبر2016کوکراچی میں پاکستان کے تیسرے سب سے بڑے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹرکا سنگِ بنیاد رکھا تھا ۔ہم یقین ہے کہ اپنی روایت کے مطابق تمام کینسر کے مریضوں کو بہترین ممکنہ معالجاتی و طبی سہولیات بلاتفریق فراہم کرتے رہیں گے۔ کراچی کے اس مکمل اور جامع کینسر ہسپتال کی تعمیر سے نہ صرف سندھ اور ملحقہ علاقوں کی عوام کو کینسر کے علاج کی جدید ترین معالجاتی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مجموعی طور پر وسیع علاقے میں ہیلتھ کیئر کے اعلیٰ معیار کو بڑھانے میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ تربیت اور روزگار کے نئے مواقع بھی ملیں گے۔"

مزید :

کامرس -