’’ وائس آف پنجاب‘‘ کوعملی جامہ پہنانے کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس
لاہور(فلم رپورٹر)’’ وائس آف پنجاب‘‘ کوعملی جامہ پہنانے کیلئے قائم کردہ کمیٹی کا الحمراء میں اجلاس ہوا۔جس کی صدارت ایگزیکٹوڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے نے کی۔اجلاس میں ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل اطہر علی خان،ڈائریکٹر آرٹس اینڈکلچر ذوالفقار علی زلفی اور دیگر افسران کے علاوہ پی ٹی وی کی ٹیم نے شرکت کی۔اجلاس میں وائس آف پنجاب کے مالی،تکنیکی و دیگر امور کے علاوہ آیڈیشن کے مراحل، منتخب ہونے والے نوجوان گلوکاروں کی تربیت ،ریکاڈرنگ ،ججز پینل و یگر لوازعات پر خصوصی غور کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وائس آف پنجاب سے متعلق زیادہ سے زیادہ معلومات کو صوبہ بھر میں مختلف ذرائع سے پہنچایا جارہا ہے، نوجوان جوک درجوک اس پروگرام میں اپنی رجسٹریشن کروانے رہے ہیں۔
جن کے آیڈیشن کا آغاز18اور19مارچ 2019ء کو فیصل آباد ڈویژن سے کیا جارہا ہے ،نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے آیڈیشن سے لے کر گرینڈ فنالے تک کے تمام مراحل کی ریکاڈرنگ کو سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جائے گا جس سے معاشرہ میں صحت مندانہ رویہ فروغ پائے گا۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل اطہر علی خان نے اجلاس میں بتایا کہ نوجوانوں کو مختلف ذرائع سے وائس آف پنجاب سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے ،اس پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے نوجوان گلوکاروں کی تربیت کا بھرپور انتظام کیا جارہا ہے،اس پروگرام کے انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا سوفٹ امیج بہتر ہوگا۔واضح رہے کہ وائس آف پنجاب صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کی طرف سے شروع کیا گیا ایسا پروگرام ہے جس کے تحت صلاحیتوں سے مالا مال نوجوانوں کو اپنی مہارتوں کے اظہار کا موقع ملے گا اور ملک وقوم کا نام روشن ہوگا۔ اجلاس میں وائس آف پنجاب کی کامیابی کی راہ میں آنے والے رکاوٹوں کو دور کرکے دستیاب وسائل کو احسن انداز میں استعمال کرنے کا اعادہ بھی کیا گیا۔