ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے،ذکر اللہ مجاہد

ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے،ذکر اللہ مجاہد

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ موجودہ پیٹرولیم مصنوعات ، ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے ۔ ہمارے حکمران ازلی دشمن بھارت کے ساتھ خیر سگالی کر رہے ہیں اور اپنی ہی عوام پر مہنگائی بم گرا رہے ہیں جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں جبکہ بھارت ہماری سرحدوں پر غیر اعلانیہ جنگ جاری رکھے ہوئے ہے اور ستر سال سے کشمیر ی مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ رو ز انہوں نے ذیلدار پارک میں سید مودودی ٹرسٹ کے خصوصی اجلاس میں ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت مسلسل چھ ماہ سے معاشی بحران کا جواز بنا کر قوم کو بیوقوف بناتے ہوئے ٹیکسوں کے ذریعے مہنگائی بم برسا رہی ہے ۔

پٹرولیم مصنوعات ، ایل پی جی ، بجلی اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ غریب اور سفید پوش عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گاجبکہ پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ۔ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سابقہ ادوار کی حکومتوں کے نقش قدم پر گامزن ہے جو مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی بجائے مسلسل اضافہ کر رہی ہے ۔ اس وقت ملک میں مہنگائی ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔ موجودہ استحصالی نظام میں امیر لوگ امیر تر جبکہ غریب عوام مزید غربت کی چکی میں پسنے پر مجبور ہے ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم ، مصنوعات ،ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لیتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

ذکر اللہ مجاہد

مزید : میٹروپولیٹن 1