حکومت ضد ، تکبر چھوڑے ، آئیں ملکر معیشت کی بنیاد مضبوط کریں : شہباز شریف

حکومت ضد ، تکبر چھوڑے ، آئیں ملکر معیشت کی بنیاد مضبوط کریں : شہباز شریف

  



اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مضبوط اور مستحکم معیشت سے ہی قومی سلامتی کو نابل تسخیر بنایاجاسکتا ہے،پی ٹی آئی حکومت سے کہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، معیشت کے چیلنج کو سنجیدہ لیں،حکومت ضد، انا اور تکبر کو ایک طرف رکھ کر میثاق معیشت کی طرف آئے، حکومت قرض بھی لیتی جارہی ہے اور عوام کو ریلیف بھی نہیں دے رہی اور قرض بھی لیاجارہا ہے، ترقیاتی پروگرام بھی کوئی نہیں تو پھر پیسہ کہاں جارہا ہے؟محسوس ہوتا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں دلچسپی نہیں رکھتی،بجلی، گیس کے بعد پڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بم عوام پر گرایا گیا ہے،ہزاروں روپے کے اضافے سے گیس کے بل آرہے ہیں،حکومت سے کہتا ہوں کریڈٹ کے پیچھے نہ بھاگیں، نیک نیتی اور محنت سے کام کریں، اللہ تعالی آپ کو کریڈٹ دے گا،سیاست سے اوپر اٹھیں، آئیں مل کر ملک وقوم کی معیشت کی بنیادیں مضبوط کریں،آئیں مل کر پاکستان اور عوام کو معاشی قوت بنانے کے لئے کام کریں۔پیر کو ضمنی بجٹ پر اپنے ایک بیان میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت معیشت کے چیلنج کو سنجیدہ لے،ابھی تک حکومت معاشی پالیسی اور حکمت عملی نہیں دے سکی،مضبوط اور مستحکم معیشت سے ہی قومی سلامتی کو نابل تسخیر بنایاجاسکتا ہے،حکومت معیشت کے معاملے میں اسی غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کرتی رہی، تو صورتحال خراب سے خراب تر ہونے کا خدشہ ہے،افراط زر ایک مرتبہ پھر ڈبل ڈیجٹ کی طرف گامزن ہے، پی ٹی آئی حکومت نے افراط زرمیں اپنا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔حکومت سے پھر کہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، معیشت کے چیلنج کو سنجیدہ لیں،حکومت ضد، انا اور تکبر کو ایک طرف رکھ کر میثاق معیشت کی طرف آئے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں مل کر پاکستان اور عوام کو معاشی قوت بنانے کے لئے کام کریں،حالیہ واقعات سے احساس ہوجانا چاہئے کہ معیشت کو اولین ترجیح دینے کا وقت آگیا ہے،حکومت سے کہتا ہوں کریڈٹ کے پیچھے نہ بھاگیں، نیک نیتی اور محنت سے کام کریں، اللہ تعالی آپ کو کریڈٹ دے گا،سیاست سے اوپر اٹھیں، آئیں مل کر ملک وقوم کی معیشت کی بنیادیں مضبوط کریں۔

شہبازشریف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومت کی جانب سے بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے سمیت ریکارڈ مہنگائی پر بھرپور احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ پیر کو پاکستان مسلم لیگ (ن )کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہوا ۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن)نے بجٹ پر بحث میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ (ن)لیگ کی طرف سے جاری بیا ن کے مطابق حکومت عوام پر مہنگائی کا عذاب بن کر نازل ہوئی ہے۔ اجلاس کے دور ان حکومت کی جانب سے بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے سمیت ریکارڈ مہنگائی پر بھرپور احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاگیاکہ حکومت سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔سرحدوں پر بھارتی جارحیت اور موجودہ کشیدگی کی صورتحال بھی زیرغور آئی۔ اجلاس میں صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرہ خاندانوں کی ہنگامی امداد اور اور ان کی دیکھ بھال کے لئے موثر اقدامات کریں۔اجلاس میں محمد نوازشریف کی صحت اور علاج کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کو عارضہ قلب کے علاج کی سہولیات رکھنے والے ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر فیصل واڈا کی بیان کی مذمت کی گئی اور کہاگیاکہ وزیر موصوف اللہ تعالی کی بارگاہ میں معافی مانگی اور اپنی زبان سنبھال کر استعمال کریں،چاپلوسی کریں لیکن خدا کا خوف بھی کریں ۔اجلاس نے صوبہ خیبر پختونخوا میں نیب میں ہونے والی تبدیلیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔اجلاس میں کہاگیاکہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی اور دیگر اعلی حکومتی شخصیات کے خلاف تفتیش کرنے والوں کی تبدیلی سوالات پیدا کر رہی ہے۔بیان کے مطابق کہاگیاکہ ایک پاکستان اور قانون عمران خان، ان کے وزراء اور چہیتوں کے لئے ہے،دوسرا پاکستان اور قانون سیاسی مخالفین اور اختلاف رائے رکھنے والوں کے لئے ہے۔ بیان میں کہاگیاکہ ایسے اقدامات سے شفاف، غیر جانبدارانہ اور بے لاگ احتساب محض دعوی ہی رہے گا۔

مسلم لیگ (ن)

مزید : صفحہ اول


loading...