مائیکروسافٹ نے بھارت کو دنیا بھر میں جھوٹی خبروں کا گڑھ قرار دے دیا
نئی دہلی(آن لائن)مائیکروسافٹ نے بھارت کو دنیا بھر میں جھوٹی خبروں کا گڑھ قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروسافٹ کی جانب سے جاری کی گئی ایک سروے رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ جھوٹی خبریں بھارت میں پھیلائی جاتی ہیں جبکہ انٹرنیٹ پر جھوٹ اوردھوکہ دہی بھی وہیں ہوتی ہے ۔ برطانوی انگریزی اخبارایوننگ سٹینڈرڈ کے مطابق مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ 64 فیصدبھارتی شہریوں کو جھوٹی خبروں کا سامنا ہے جبکہ دنیا بھر میں یہ شرح57 فیصد ہے ۔اسی طرح انٹرنیٹ پر54 فیصد بھارتی شہریوں کو فریب اور دھوکہ دہی کاسامنا ہوتا ہے جبکہ دنیا میں یہ شرح 50 فیصد ہے ۔انٹر نیٹ پر دھوکہ دہی اورجھانسے کے ان واقعات کے باعث بھارت میں کئی افسوسناک واقعات بھی پیش آئے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت نے پلوامہ حملے کا الزام بغیر کسی ثبوت اور تفتیش کے پاکستان پر عائد کیا تھا جس کی بنیاد پر بھارت نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی اور پاکستان میں فضائی کارروائی اور اس کے نتیجے میں 300 ہلاکتوں کا دعوی کیا ۔لیکن اصل بات تو یہ کہ بھارت اپنے اس بھونڈے دعوے کا کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کرسکا جس پر بھارت کو پوری دنیا کے سامنے شرمندہ ہونا پڑا۔ یہی نہیں امریکی محقق نے بھی بھارت کے اس دعوے کے جھوٹا ہونے پر مہر ثبت کر دی۔ امریکی تھنک ٹینک نے بھارت سیٹلائٹ ویڈیو کی مدد سے بھارت کا جھوٹ بے نقاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت نے سپائس 2000 بم گرانے کا دعوی کیا تھا۔امریکی تھنک ٹینک اور محقق مائیکل شیلڈن نے بھارتی دعوے کی دھجیاں اڑا دیں۔ اس حوالے مائیکل شیلڈن نے کہا کہ بھارت نے سپائس 2000 بم گرانے کا دعوی کیا تھا لیکن سپائس 2000 میں ایک ہزار کلو بارودی مواد ہوتا ہے۔ سپائس بم سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی ہے۔ لیکن سیٹلائٹ میں ایسی کسی تباہی کے آثار نہیں ملے۔ سیٹلائٹ میں کسی تربیتی مرکز کو اڑانے کے شواہد بھی نہیں ملے۔گرائے گئے پے لوڈ سے صنوبر کے چند درخت ہی متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حملے سے پہلے اور بعد کی سیٹلائٹ تصاویر بھی شئیر کرتے ہیں۔ انہوں نے 25 اور 27 فروری کی سیٹلائٹ کی تصاویر بھی شئیر کیں اور کہاکہ ان سیٹلائٹس تصویر سے دیکھا جا سکتا ہے کہ کہیں بھی تباہی کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ اگر بھارت نے یہ بم گرایا تھا تو تباہی ہونی چاہئیے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ بھارت کو اپنے جھوٹ اور بھونڈے دعووں کی وجہ سے سخت شرمندگی کا سامنا ہے جبکہ بھارتی حکومت کے یہی جھوٹے دعوے پوری دنیا میں اس کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں۔
مائیکروسافٹ