ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے : عثمان بزدار

ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے : عثمان بزدار

  



لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں ٹریفک جام کے سدباب کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دیا ہے اور ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے ٹریفک پولیس اور متعلقہ محکموں سے سفارشات طلب کر لی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ ٹریفک کی آمد و رفت میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور تجاوزات کو ہٹایا جائے کیونکہ تجاوزات سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مربوط ٹریفک مینجمنٹ سے آمدورفت میں بہتری لائی جائے کیونکہ ٹریفک جام ہونے سے نفسیاتی، معاشی اور سماجی مسائل جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کا بہترین نظام مہذب رویے کی عکاسی کرتا ہے، لہٰذا عوام میں ٹریفک قوانین کا شعور بیدار کرنے کیلئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آبادی کا دباؤ بڑھ رہا ہے، لہٰذا ٹریفک مسائل سے نمٹنے کیلئے مربوط اور منظم ٹریفک نظام ضروری ہے اور اس ضمن میں موثر ٹریفک مینجمنٹ اور ٹریفک ری انجینئرنگ کے ذریعے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا اور اس کے ساتھ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر موثر ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے شہروں میں آنے اور جانے والے لوگوں کو سہولت دینا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سڑکوں پر بھکاریوں کی آمد سے ٹریفک کی آمد ورفت متاثر ہوتی ہے، لہٰذا لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھیک مانگنے والوں کو سڑکوں سے ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود بھکاریوں کیلئے سفارشات مرتب کرے جبکہ بھیک مانگنے والے چھوٹے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں داخل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کی خطے میں امن کیلئے مدبرانہ اوردانشمندانہ اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم عمران خان نے امن کیلئے عملی اقدامات کر کے خود کو ایک سٹیٹس مین ثابت کیا ہے اورعمران خان نے نازک موقع پر تحمل،دانش مندی اوربردباری کا مظاہرہ کر کے خطے کو جنگ سے بچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے خطے کے پونے دو ارب انسانوں کو تباہی و بربادی سے بچانے کیلئے امن کا راستہ اختیار کیاہے ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء راجہ بشارت ، سبطین خان، نعمان لنگڑیال،میاں خالد ،حسین جہانیاں گردیزی، سمیع اللہ چوہدری، آصف نکئی، اجمل چیمہ ، ڈپٹی سپیکر دوست مزاری ،اراکین اسمبلی ، عظمیٰ کاردار ، لبنیٰ عالم ، طلعت فاطمہ ، سبین گل خان ، فرزانہ راجہ ،محی الدین کھوسہ ، علی اصغر ، چوہدری شفیق ، امیر محمود خان ، محبوب شاہ ، سید صمصام بخاری اور دیگر شامل تھے۔

عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول