سوئی گیس قیمتوں میں اضافہ،لاہورہائی کورٹ کاحکومت ودیگرمدعاعلیہان کونوٹس

سوئی گیس قیمتوں میں اضافہ،لاہورہائی کورٹ کاحکومت ودیگرمدعاعلیہان کونوٹس

  



لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کرتے ہوئے حکومت اور دیگر مدعاعلیہان کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مدثر چودھری ایڈووکیٹ کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی، درخواست میں وفاقی حکومت ،اوگرا اور ایس این جی پی ایل کو فریق بنایا گیا ہے۔عدالت میں موقف اختیار کیا گیاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے 4 اکتوبر 2018 ء کو سوئی گیس کے بلوں میں اضافہ کانوٹفکیشن جاری کیا گیا جس کی بنیادپر عوام سے اضافی بل وصول کئے جارہے ہیں، اپیل کنندہ نے اعتراض اٹھایا کہ وفاقی حکومت کا نوٹفکیشن آئین کے آرٹیکل 3 سے متصادم ہے جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا،عدالت عالیہ کے سنگل بنچ نے حقائق کو سنے بغیر ہی درخواست مسترد کر دی تھی اپیل کنندہ نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت سنگل بنچ کے فیصلے اورگیس کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفیکیشن کوکالعدم کیا جائے۔دورکنی بنچ نے اپیل باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت ،اوگرا اوردیگرمدعاعلیہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10روز میں جواب طلب کرلیاہے۔

قیمتوں میں اضافہ

مزید : صفحہ آخر