کراچی میں بڑھتا ہوا اسٹریٹ کرائم تشویشناک ہے ،خرم شیر زمان

کراچی میں بڑھتا ہوا اسٹریٹ کرائم تشویشناک ہے ،خرم شیر زمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی میں امن تادیر قائم نہیں رہتا، وقفے وقفے سے موت و حیا ت کی کشمکش پھر شروع ہوجاتی ہے۔ کبھی شہریوں کے ساتھ دن کی روشنی میں لوٹ مار ہوتی ہے تو کبھی رات کی تاریکی میں انہیں زندگی سے ہی محروم کردیا جاتا ہے۔ شہری تو ایک طرف رہے، خود قانون کے محافظ بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے لگے ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ا نہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے نام نہاد وزیر اعلیٰ واقعات کا نوٹس تو لے لیتے ہیں لیکن حقیقی کارروائی مفقود نظر آتی ہے۔ کیا سندھ حکومت کا کام نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرنا رہ گیا ہے یا سندھ حکومت شہریوں کی جان و مال کے اس حساس معاملے پر کوئی سنجیدگی دکھانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور ٹارگٹ کلنگ سندھ حکومت کے ماتھے کا کلنک بنتے جا رہے ہیں۔ لوگ لوٹ مار کا شکار ہوتے ہیں اور اگر مزاحمت کریں تو قتل کر دئیے جاتے ہیں۔ ملک کے سب سے بڑے شہر میں جنگل کا قانون نافذ ہے۔ ہم جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا فارمولا نہیں چلنے دیں گے۔ تحریک انصاف کو شہر کراچی نے مینڈیٹ دیا ہے اس لیے ہم عوام کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں۔ سندھ حکومت پر لازم ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی یہ عجیب منطق سمجھ سے بالاتر ہے کہ سندھ پولیس ان کے زیر اختیار نہیں۔ یہی بات ہے تو انہیں رپورٹ طلب کرنے کا اختیار کس نے دیا؟ ضروری ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ڈرامے بازی اور ڈھکوسلوں سے نکلے اور کچھ کام کرے۔