پختون قوم ملکی دفاع میں بھرپور کردار ادا کرے گی: عبدالقیوم خان‎

پختون قوم ملکی دفاع میں بھرپور کردار ادا کرے گی: عبدالقیوم خان‎
پختون قوم ملکی دفاع میں بھرپور کردار ادا کرے گی: عبدالقیوم خان‎

  



ریاض (وقار نسیم وامق) پختون قوم اعلی روایات کے مطابق جہاں ملک کی تعمیروترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے وہیں پر ملکی دفاع میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی ایگزیکٹو باڈی کے ممبر عبدالقیوم خان نے الجبیل میں بنوں اور وزیرستان کے قبائلی افراد کی جانب سے منعقد کیے گئے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا، عبدالقیوم خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سالمیت کے لئے ملک کا ہر جوان اور ہر بچہ اپنی جان کی قربانی دینے کے لئے تیار کھڑا ہے بھارت نے نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ رچایا مگر پاک فوج نے اس ڈرامے کو دو بھارتی جہازوں کو گرا کر حقیقت میں تبدیل کردیا، بھارت کو سمجھ لینا چاہئیے کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سرحدوں کی نگرانی کر رہی ہے ۔

پختون قوم کا جذبہ بھی جوش مار رہا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ چھیڑی تو پختون قوم اپنی روایات کے مطابق ملک کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور بھارت کو ناکوں چنے چبوا ڈالے گی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عبدالجمیل المعروف بنگی خان کا کہنا تھا کہ بھارت ہر بار اپنی تاریخ کو کیوں بھول جاتا ہے کہ اس نے ماضی میں بھی کئی بار پاکستان کے ہاتھوں شکست کھائی ہے اور اس کو منہ توڑ جواب ملا ہے ہم پختون قوم نے جس طرح 1947 میں کشمیر کے ایک حصے کو آزاد کروایا تھا اب کی بار موقعہ ملا تو پورا کشمیر آزاد کروائیں گے اور اگر ملک پر مشکل وقت آیا تو پختون کیمونٹی کی بڑی تعداد ہاتھ پہ ہاتھ دھرے یہاں نہیں بیٹھے گی بلکے پاکستان جاکر سرزمین پاکستان کا تحفظ کرے گی ہم اپنی فوج سے محبت کرتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اگر بھارت اپنی شر انگیزی سے باز نا آیا تو ہم اس کو لازمی سبق سکھائیں گے ۔

محمد مصطفی، عارف اللہ، اشفاق اور منصور خان نے کہا کہ پاکستان ہماری جنت ہے اور ہم اپنی جنت کو دشمن کے ناپاک عزائم کا نشانہ نہیں بننے دیں گے بلکہ اپنی فوج کے ساتھ ملکر وطن عزیز کا دفاع کریں گے، بنوں اور وزیرستان کے قبائل پاکستانی فوج کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ ملکر پاکستان کو کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے، وزیراعظم عمران خان جو ملکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں ان سے ملک میں بہتری آ رہی ہے اور پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہو رہا ہے پوری پاکستانی قوم نا صرف ان کے ساتھ متحد کھڑی ہے بلکہ دشمن کو یہ پیغام دے رہی ہے کہ ہم ایک ہیں اور ایک ہوکر ہی میدان میں اتریں گے۔

مزید : عرب دنیا