بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی ویب سائٹ ہیک کئے جانے کی اطلاعات

بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی ویب سائٹ ہیک کئے جانے کی اطلاعات
بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی ویب سائٹ ہیک کئے جانے کی اطلاعات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک کئے جانے کی اطلاعات ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک کئے جانے کی اطلاعات ہیں ، کئی انٹرنیٹ صارفین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کیں۔ لیکن تاحال کسی ہیکر گروپ نے پارٹی کی ویب سائٹ ہیک کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے عوام کو صبر سے کام لینے کی تلقین کی۔ مبینہ طور پر ہیکرز نے بی جے پی کی ویب سائٹ پر نریندر مودی کی مضحکہ خیز تصویر لگائی اور ساتھ میں ’بوہیمین ریپسوڈی‘ کا گانا بھی لگایا۔ ویب سائٹ پر پیغام دیا گیا کہ نریندر مودی نے عوام کو پاگل بنایا ہے اور ابھی اور بھی بہت کچھ آنا باقی ہے۔جس کے بعد ویب سائٹ بند کر دی گئی۔

ویب سائٹ انتظامیہ کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا کہ کچھ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ویب سائٹ بند ہے ، آئی ٹی ماہرین خرابی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جلد ہی ویب سائٹ دوبارہ بحال ہو جائے گی۔ انتظامیہ نے ویب سائٹ ہیک ہونے سے متعلق کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔ بھارتی میڈیا نے حکمران جماعت کی ویب سائٹ ہیک ہونے پر پاکستانی ہیکرز پر شک ظاہر کیا اور کہا کہ حال ہی میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران کئی پاکستانی ہیکرز نے بھارتی ویب سائٹس ہیک کی تھیں۔
تاہم حکمران جماعت کی ویب سائٹ ہیک کرنے والے گروہ سے متعلق کوئی معلومات حاصل نہیں کی جا سکیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں بھی لیا اور کہا کہ جن سے ایک ویب سائٹ نہیں سنبھالی جاتی وہ ملک سنبھالنے چلے ہیں۔