فیاض الحسن چوہان نے استعفیٰ دیا یا نہیں ؟با لآخر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے پیغام جاری کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستا ن آن لائن )وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے تصدیق کی ہے کہ فیاض الحسن چوہان صاحب نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے استعفیٰ منظور کر کے ضروری کارروائی کے لیے آگے بھیج دیا ہے ۔
انہوں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیر اطلاعات نے ہندو برادری سے متعلق افسوسناک بیان دیا ،پنجاب حکومت اس بیان سے مکمل طور پر لا تعلقی کا اعلان کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار فیاض الحسن چوہان کے اس بیان پر ذاتی طور پر رنجیدہ ہیں اور انہوں نے دلی طور پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جتنے پاکستانی ہیں ،ہندو یا سکھ شہر ی بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں اور وہ برابر کے حقوق رکھتے ہیں ۔شہباز گل نے بتا یا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہندو برادری سے یک جہتی کا اظہار کیا اور دل آزاری پرہندو برادری سے معذرت بھی کی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے فیاض الحسن چوہان سے ملاقات کر کے اظہار ناراضگی کیا ۔اس ملاقات کے بعد فیاض الحسن چوہان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔