چند مردوں کی چھاتی بہت زیادہ کیوں بڑھ جاتی ہے؟ ماہرین نے وجہ اور علاج کا طریقہ بتادیا

چند مردوں کی چھاتی بہت زیادہ کیوں بڑھ جاتی ہے؟ ماہرین نے وجہ اور علاج کا ...
چند مردوں کی چھاتی بہت زیادہ کیوں بڑھ جاتی ہے؟ ماہرین نے وجہ اور علاج کا طریقہ بتادیا

  



نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بعض مردوں کی چھاتی بھی خواتین کی طرح بڑھ جاتی ہے جو طبی ماہرین کے مطابق گائینیکومیسٹیا (Gynecomastia)نامی عارضے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ عارضہ بالغ ہونے کے بعد کسی بھی مرد کو عمر کے کسی بھی حصے میں لاحق ہو سکتا ہے، جس کی سب سے بڑی وجہ اس مرد میں نسوانی ہارمون ایسٹروجن کا لیول مردانہ ہارمون ٹیسٹاسٹرون کے لیول سے بڑھ جانا ہے۔ ایک اور عارضہ ’سوڈو گائینیکومیسٹیا‘ (Pseudo-gynecomastia)ہے۔ اس عارضے میں بھی مردوں کی چھاتی بڑھ جاتی ہے اور یہ عارضہ جسم میں چربی بہت زیادہ جمع ہوجانے کی صورت میں لاحق ہوتا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ”جس مرد کی چھاتیاں بڑھ جائیں اسے فوری طور پر اپنے ٹیسٹ کروانے چاہئیں تاکہ چھاتیاں بڑھنے کی اصل وجہ سامنے آ سکے اور پھر اس کے مطابق اس کا علاج ممکن ہو سکے۔ جس شخص کی چھاتیاں بڑھ جائیں اسے اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، اچھی اور صحت مندانہ خوراک کھانی چاہیے اور اگر ممکن ہو سکے تو باڈی ویٹ ٹریننگ لینی چاہیے۔ ایسے لوگوں کے لیے پش اپس بہترین ورزش ہے۔“

ماہرین کا کہنا تھا کہ ”عام طور پر مرد کی چھاتیاں بڑھ جانا کوئی زیادہ پریشان کن بات نہیں ہوتی تاہم اگر نپلز پر سوجن ہو جائے اور تکلیف رہنے لگے، نپلز سے مواد خارج ہونا شروع ہو جائے اور ان کی ساخت میں تبدیلی آنے لگے، تو ایسی صورت میں یہ خطرے کی علامت ہوتی ہیں۔ ایسے شخص کے جسم کے بال بھی جھڑنے لگتے ہیں اور خصیوں سمیت جسم کے دیگر حصوں میں بھی گلٹیاں بننی شروع ہو جاتی ہیں۔ ایسے شخص کو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔“

مزید : تعلیم و صحت


loading...