کراچی پولیس نے پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی اور ٹریفک پلان کی تفصیلات جاری کر دیں

کراچی پولیس نے پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی اور ٹریفک پلان کی تفصیلات جاری کر ...
کراچی پولیس نے پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی اور ٹریفک پلان کی تفصیلات جاری کر دیں

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی پولیس چیف نے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی اور ٹریفک پلان سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی سمیت دیگر اقدامات اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر پولیس و رینجرز کے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ 13 ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں 250 کمانڈو اور خواتین پولیس اہلکار بھی ہوں گی جب کہ سیکیورٹی کے پیش نظر فل ڈریس ریہرسل بھی کی گئی ہے۔اے آئی جی نے بتایا کہ سیکیورٹی کو 5 لئیرز میں تقسیم کیا گیا ہے اور مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم بنانے کے علاوہ مزید سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔

ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ کرکٹ شائقین کے لیے 4 چیکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں، شائقین کو سٹیڈیم کے اندر کھانے پینے کی اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور میچ سے دو گھنٹے قبل گیٹ بند کردیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پانچ مختلف مقامات پر پارکنگ کی جگہ بنائی گئی ہے جہاں سے شائقین کو اسٹیڈیم تک لانے کے لیے 500 شٹل چلائی جائیں گی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ عوام کو تھوڑے سے مسائل کا سامنا کرنا ہوگا، شائقین کرکٹ کے لیے پارکنگ یونیورسٹی روڈ پر 4 مقامات اور ڈالمیا روڈ پر غریب نواز پارک میں بنائی گئی ہے۔دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ میچ شروع ہونے سے 3 گھنٹے قبل سٹیڈیم روڈ کے اطراف ٹریفک کو موڑ دیا جائے گا تاہم سٹیڈیم روڈ پر واقع اسپتال جانے والی سڑک کو کھلا رکھا جائے گا۔ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید کہا کہ کارساز سے سٹیڈیم، ڈالمیا روڈ، حسن اسکوائر سے سٹیڈیم والا ٹریک بھی بند رہیگا۔

مزید : کھیل /PSL


loading...