مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے امید چھوڑ دی ہے :محبوبہ مفتی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ بدقسمتی سے جموں کشمیر کے لوگوں نے امید چھوڑ دی ہے جس طر ح پلوامہ میں ایک 22سالہ بچے نے خود کش حملہ کرکے بہت خوفناک مثال قائم کردی ہے۔
جیونیوز کے پروگرام ”آ ج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ پاکستان سے بہت اچھے اشارے مل رہے ہیں پہلے ابھی نندن کو واپس بھیجا گیا ، کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی یہ اچھے اشارے ہیں لیکن ابھی بات چیت کا وقت نہیں ہے کیونکہ بھارت میں الیکشن کی وجہ سے کوشش کی جارہی ہے کہ جذبات کو ابھارا جائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر جنگ کے دہانے پر پہنچتے پہنچتے واپس آرہاہے اور آیا بھی ہے یا نہیں، اس حوالے سے بھارت میں نئی حکومت آنے کے بعد بات ہوگی ۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جموں کشمیر کی تمام پارٹیاں سوائے بی جے پی کوچھوڑ کر مذاکرات کی بات کررہی ہیں،حریت کانفرنس کے ساتھ بھی ہم کئی باتوں پر اتفاق کرتے ہیں ، ہم جموں کشمیر میں امن بحال کرنے کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، بدقسمتی سے جموں کشمیر کے لوگوں نے امید چھوڑ دی ہے جس طر ح پلوامہ میں ایک 22سالہ بچے نے خود کش حملہ کرکے بہت خوفناک مثال قائم کردی ہے ، ان کاکہنا تھا کہ اس معاملے کو بہت ہی سنجیدگی سے لئے جانے کی ضرورت ہے ۔