پاکستان خطے میں قیام امن کی کوششوں میں معاونت کیلئے پرعزم: شا ہ محمود قریشی
اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن کی کوششوں میں معاونت کیلئے پر عزم ہے۔جمعرات کو وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے نارویجن ہم منصب اینا ایرکسن سورادے کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال،اہم علاقائی و عالمی امور اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے مابین بڑھتا ہوا تجارتی تعاون، خوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ نارویجین کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعے، ہماری کاروبار دوست پالیسیوں سے مستفید ہو سکتی ہیں۔ناروے کی وزیرِ خارجہ نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یورپی ممالک کے کاروباری حضرات کو ای ویزہ سہولت مہیا کرنے کے ساتھ ا ن کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان -ای یو مشترکہ اقتصادی کمیشن، ہمارے دو طرفہ مضبوط اقتصادی روابط کا مظہر ہے،ہماری ان کاوشوں کے باعث "کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی درجہ بندی 39 درجے تک بڑھی ہے، دو طرفہ تجارت کے راستے میں حائل مسائل کے جلد حل کیلئے ایک مشترکہ متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ میں پاکستان میں تعینات یورپی ممالک کے سفرا ء کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے سفرا ء کو وزارت خارجہ میں تشریف آوری پر خوش آمدید کہا۔۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی ممالک ہمارے سب سے بڑے تجارتی اتحادی ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان -ای یو مشترکہ اقتصادی کمیشن، ہمارے دو طرفہ مضبوط اقتصادی روابط کا مظہر ہے ہم نے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے" روشن دیجیٹل اکاؤنٹ"کا اجرا ء کیا،اس اقدام کے نتیجے میں، پاکستانی تارکینِ وطن نے پہلے چند ماہ میں 50 ملین ڈالر زرمبادلہ بھجوایا۔انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کے بعد یورپی ممالک کے ساتھ ہماری تجارت کے حجم میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔
شاہ محمودقریشی