دبئی میں پی ڈی ایم کا مشترکہ اجلاس، سینیٹ میں کامیابی پر یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ایک مشترکہ اجلاس دبئی میں ہوا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام، قومی وطن پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں نے شرکت کی۔
پیپلزپارٹی گلف ریجن کے صدر میاں منیر ہانس کی رہائش گاہ پر ہونے والے اس اجلاس میں پیپلزپارٹی کی طرف سے نثار محمود خٹک، عرفان قمر گوندل، ذوالفقار علی مغل، رانا فاروق اشرف، سردار اختر خان گوپانگ۔ مسلم لیگ ن کی طرف سے غلام مصطفی مغل، ملک شہزاد یونس، عامر سہیل گھمن، خواجہ عبدالوحید پال۔ عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے عبداللہ خان، نظار ولی خان، زاہد ندیم صدر جمعیت العمائے اسلام اور قومی وطن پارٹی کے سعید خان نے شرکت کی۔
متذکرہ رہنماﺅں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت پی ڈی ایم کی جیت ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں نے حکمرانوں کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کے عوام موجودہ حکومت سے سخت بددل اور مایوس ہوچکے ہیں۔ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور ناقص حکمت عملیوں کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری، مہنگائی، بدامنی اور افراتفری کا دور دورہ ہے۔ لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ موجودہ حکومت کے پاس مہنگائی کو روکنے کا کوئی فارمولا نہیں ہے۔ پاکستان کے عوام پریشان ہیں اور حکومت میں بڑی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔
پی ڈی ایم کے متذکرہ رہنماﺅں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام سے کیا گیا کوئی وعدہ بھی پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے پاکستان کے عوام موجودہ حکومت سے بیزار اور مایوس ہیں۔ موجودہ حکومت نے اقرباءپروری کی بھی انتہا کررکھی ہے، اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں کو اعلیٰ عہدوں سے نوازا جارہا ہے اور لاکھوں کی تنخواہیں مقرر کر کے سرکاری خزانے پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ متذکرہ قائدین نے کہا کہ عوام کا فیصلہ دیکھتے ہوئے وزیراعظم کو ازخود باعزت استعفیٰ دے دینا چاہیے۔