" بلاول شوق سے پنجاب آئیں، اس طرح سیاسی مقابلہ کریں گے کہ ان کی  رہی سہی سیٹیں بھی ختم ہو جائیں گی"

" بلاول شوق سے پنجاب آئیں، اس طرح سیاسی مقابلہ کریں گے کہ ان کی  رہی سہی سیٹیں ...

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ  بلاول شوق سے پنجاب آئیں، اس طرح سیاسی مقابلہ کریں گے کہ ان کی  رہی سہی سیٹیں بھی ختم ہو جائیں گیجب جب مخالفین نے عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کی کپتان ڈٹ کر پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ سامنے آیا اور میدان مارا، پیسے کے زور پر سینٹ کی ایک سیٹ جیتنے والا کرپٹ ٹولہ تحریک عدم اعتماد سے وزیراعظم کو بلیک میل کرنا چاہتا تھا، کپتان نے حقیقی جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے خود اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا،ہوس اقتدار سے آزاد، سچا، نڈر اور بہادر لیڈر روایتی کرپٹ سیاستدانوں کو کسی طور قبول نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور تمام ادارے ہمارے لئے محترم ہیں لیکن اگر کوئی ادارہ آئین کے دائرہ میں رہتے ہوئے اپنے فرائض کی مکمل ادائیگی میں ہچکچاہٹ برتے تو بطور ذمہ دار ریاست اور شہری اسکی نشاندہی ہمارا فرض ہے،جنرل الیکشن ہو یا سینیٹ انتخابات آخر کیا وجہ ہے کہ الیکشن کمیشن آج تک کوئی ایسا نظام نہیں بنا سکا جو تمام جماعتوں کیلئے قابل قبول ہو؟ تحریک انصاف حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، انشاء اللہ انتخابی عمل سے متعلق ریفارمز بھی کی جائیں گی تاکہ آئندہ کسی بھی جماعت یا امیدوار کو الیکشن کمیشن پر انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب کے حوالے سے سیاسی بلونگڑے نے وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا بیان دیا ہے۔پیپلز پارٹی حالیہ سینٹ الیکشن میں سوائے سندھ کے کسی صوبے سے سیٹ حاصل نہ کر سکی، پیپلز پارٹی محض ایک ریجنل پارٹی بن گئی ہے، اس ریجنل پارٹی نے نوٹوں کی چمک اور سیاسی کھلواڑ کر کے لوگوں کے ضمیروں کا سودا کیا ہے،نوٹوں کی سیاست پیپلز پارٹی کا تعارف اور شناخت نہیں تھی،پیپلز پارٹی نے جس جمہوریت کا لبادہ اوڑھا تھا وہ گیلانی کے الیکشن نے اتار کر ان کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے،جمہوریت اور جمہوری اقدار کی پامالی پیپلز پارٹی کا نمبر ون ٹارگٹ رہا ہے،حالیہ سینٹ الیکشن ان کی سیاہ کاری کی زندہ مثال ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ بلاول اگر پنجاب میں آنا چاہتے ہیں تو شوق سے آئیں۔پیپلزپارٹی کا اس طرح سیاسی مقابلہ کریں گے کہ جو چند سیٹیں ان کی پنجاب میں ہیں وہ بھی ختم ہو جائیں گی ،پیپلز پارٹی اب صرف نوٹ کی سیاست کر سکتی ہے ووٹ کی سیاست نہیں کر سکتی،مسلم لیگ ن کے کندھوں پر بیٹھ کر بڑھکیں مارنا دیوانے کے خواب ہیں،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ایوان کی اکثریت نے چنا ہے،اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اپوزیشن کی اس سازش کا بھی مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم  انشاء اللہ واضح اکثریت سے اعتماد کا ووٹ لیں گے،وزیر اعظم نے کریز سے باہر نکل کر اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کرکے چھکا مارا جس نے اپوزیشن کے چھکے چھڑا دیئے ہیں، انشاء اللہ ہفتے  کو  جمہوریت کا ایک نیا سورج طلوع ہوگا، وزیر اعظم کی قیادت میں جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے ہم جمہوری سفر کی طرف رواں دواں ہوں گے،جعلی راجکماری آزادکشمیر الیکشن پر بولنے سے پہلے سابق صدر، وزیر اعظم آزادکشمیر سردار سکندر حیات کا انٹرویو سنتی تو اچھا تھا،بقول سردار سکندر حیات نواز شریف اتنا کنجوس ہے کہ اپنی جیب سے پکوڑے بھی نہیں خریدتا، جو ملنے آئے اسکی گھڑی تک اتارلیتا ہے ،جعلی راجکماری سردار سکندر سے ہتھیائی گاڑی واپس کرے یا تردید کرے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -