عمران خان نے دلیرانہ فیصلہ کیا ، اب اپوزیشن والے بھاگ کیوں رہے ہیں:سینیٹر شبلی فراز 

عمران خان نے دلیرانہ فیصلہ کیا ، اب اپوزیشن والے بھاگ کیوں رہے ہیں:سینیٹر ...
عمران خان نے دلیرانہ فیصلہ کیا ، اب اپوزیشن والے بھاگ کیوں رہے ہیں:سینیٹر شبلی فراز 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے استفسار کیا ہے کہ اب اپوزیشن والے بھاگ کیوں رہے ہیں؟وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ اخلاقی بنیاد پر کیا ہے، اس کی قانونی طور پر ضرورت نہیں تھی، عمران خان نے دلیرانہ فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ حکومت اعتماد کا ووٹ، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات جیت کر دکھائیگی، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے 2، 3 ارکان غیر حاضر تھے، جنہوں نے پہلے ہی نہ آنے کی وجہ بتادی تھی، اتحادی ہر موقع پر ساتھ کھڑے ہوئے،  اسمبلی اجلاس کے بعد عمران خان اور بھی مضبوط ہوکر نکلیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ (ن) لیگ نے یہ بیانیہ پلانٹ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ان کا ٹکٹ بکا جبکہ ن لیگ کے ٹکٹ کی کوئی حیثیت نہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے نوٹ کو اپنے ٹکٹ سے تشبیہ دی ہے جبکہ اس وقت تحریک انصاف کا ٹکٹ ہاٹ آئٹم ہے۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کا بیانیہ خود ساختہ ہے، اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ہماری پارٹی نے پیسے کا کلچر ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ پیسے کے بل پر جو لوگ آتے ہیں وہ عوام کے بجائے اپنے مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شفاف الیکشن کے لیے عمران خان کی مخالفت کرنے والے سامنے آگئے، یہ وہ لوگ ہیں جو چھانگا مانگا کے موجد تھے، اس قسم کے ووٹ میں ووٹ نہ دینے والے کے لیے نااہلی بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چاہے کسی کا نشان شیر ہو یا جو بھی ہو لیکن عمل گیڈروں والے ہیں، اب اپوزیشن والے بھاگ کیوں رہے ہیں؟، اعتماد کا ووٹ، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیت کر دکھائیں گے ۔

مزید :

قومی -