لاہور(پ ر)بزرگ صحافی الطاف حسن قریشی کے اعزاز میں دانشور برادری کا جمخانہ کلب میں عشائیہ۔عشائیہ کا اہتمام امریکہ سے آئے ہوئے ان کے مداح انجینئر ظفر علی نے کیا۔عشائیہ میں صحافیوں ،دانشوروں اور تاجروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اہم افراد کی بڑی تعداد میں شرکت۔ عشائیہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مجیب الرحمن شامی نے الطاف حسن قریشی کی سات دہائیوں پر پھیلی ہوئی صحافتی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ الطاف حسن قریشی صحافت کا ایک ایسا مکتب ہیں کہ جس سے فارغ التحصیل ہونے والے درجنوں صحافی آسمان صحافت کے تابندہ ستارے بن چکے ہیں ۔اس موقع پر ارشاد احمد عارف نے کہا کہ انہوں نے الطاف حسن قریشی سے کسب فیض حاصل کیا۔ڈاکٹر حسین احمد پراچہ نے کہا کہ الطاف حسن قریشی کے دلکش اسلوب نگارش میں ادبیت یوں رچی بسی ہوتی ہے جیسے پھول میں خوشبو۔اس موقع پر ڈاکٹر صغریٰ صدف ،ڈاکٹر سلمیٰ اعوان ،ظفر علی،جاوید نواز ، پروفیسر امان اللہ و دیگر نامور صحافیوں نے بھی قریشی صاحب کی صحافت کے لئے گرانقدر خدمات کو ہدیہ تبریک پیش کیا۔ الطاف حسن قریشی نے اپنے میزبان انجینئر ظفر علی اور دیگر شرکا ءکے کلمات تحسین پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ محض اللہ کا فضل اور ان کے والدین کی دعاﺅں کا ثمر ہے کہ ان کی تحریریں قارئین کے دلوں پر اثر کرتی ہیں