منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام قومی ادبی نعت کانفرنس
لاہور (پ ر) منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام گزشتہ روزتیسری" قومی ادبی نعت کانفرنس " (HCRN)اختتام پذیر ہو گئی۔ بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی میں نعت ریسرچ سنٹر کے قیام کا مقصدنوجوان نسل میں فروغ عشق مصطفی کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ نعت کے شعبے پر تحقیق کرنے والوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ کانفرنس میں ر ہنما پیپلز پارٹی بیرسٹر عامر حسن،سیکرٹری اوقاف ڈاکٹرطاہررضا بخاری ، صدارتی ایوارڈ یافتہ ثناءخواں مرغوب احمد ہمدانی اورمعروف کالم نگار صوفیہ بیدارنے شرکت کی ۔ وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ رسول اللہ کی محبت ہمارے ایمان کا جزو ہے ۔ تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر ، (HCRN) ڈاکٹرسرور حسین نقشبندی نے نعت ریسرچ سنٹر کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ فن نعت و ادب کے حوالے سے گرانقدر خدمات پر ڈاکٹر خورشید احمد رضوی ،رفیع الدین ذکی قریشی اور اختر حسین قریشی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوراڈ ، ڈاکٹر شبیر احمد قادری کو نعتیہ تحقیق و تنقید ایوارڈ جبکہ عبدالمجید چٹھہ اور واجد امیر کو خدمت نعت ایوارڈ سے نوازا گیاجبکہ برصغیر پاک وہند کے عظیم نعت گو شاعر حفیظ تائب( مرحوم) کی نعتیہ ادب کے حوالے سے خدمات پر ان کا خصوصی ایوراڈ ان کے بھائی عبدالمجید منہاس نے وصول کیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر HCRN ڈاکٹر فخرالحق نوری، ڈاکٹر عظمیٰ زریں نازیہ ،ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس ،ڈاکٹر اویس سرور ، ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی ڈاکٹر عبدالرﺅف رفیقی ، ڈاکٹر زاہد منیر عامرنے بھی شرکت کی۔