پاکستان میں دہشتگردی، افغان باشندوں کے ملوث ہونے کی ایک بار پھر تصدیق
اسلام آباد (این این آئی)ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے افغان نژاد باشندوں کے ملوث ہو نے کی ایک بار پھر تصدیق ہو گئی۔28 فروری کو شمالی وزیرستان میں مارے گئے 6 دہشت گردوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا جس کے دوران ہلاک دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، پاکستان میں کالعدم ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد نیٹ ورک کو افغان دہشت گردوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع نے آپریشن کے دوران ایک خودکش حملہ آور کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے، مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں 16 سالہ مبینہ خودکش بمبار عابد اللہ ولد جمال بھی شامل ہے۔ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں میں افغانستان کے شہر خوست کا رہائشی محمد انور ولد انگور خان، لوگر کے رہائشی حمزہ اور فرمان، خوست کا رہائشی شبیر جان عرف عابد، پکتیکا کا رہائشی گل جان اور طلحہ عرف ضرار شامل ہیں۔واضح رہے گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدا ر میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا۔
افغان باشندے تصدیق