مسلمان بہت ہیں لیکن بندہ مومن نظر نہیں آتا‘ عبد القدیر اعوان
پشاور(سٹی رپورٹر) تنظیم الاخوان پاکستان کے امیر عبد القدیر اعوان نے کہا ہے کہ ہمارے کسی اچھے اقدام سے معاشرے پر کیا اثر پڑتا ہے ہم اس کے مکلف نہیں ہیں نتائج اللہ کریم کے دستِ قدرت میں ہیں ہم صرف تعمیل حکم کے مکلف ہیں اور یہی تعمیل حکم ہمیں اللہ کریم سے مزیدآشنائی عطا فرمائے گا۔اپنی عبادات پر توجہ دیں ہمارے بے کیف اور بے روح سجدے ہمارے اعمال پر ہمارے کردار پر اثرانداز نہیں ہو رہے یہ ہو نہیں سکتا کہ رکوع وسجود نصیب ہو اور ان کے اثرات اعمال تک نہ آئیں جب اس رشتے کو جو بندے اور اللہ کے درمیان ہے نہیں جان پائیں گے تو پھر باقی رشتوں کی پہچان کیسے کر پائیں گے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا کی روش جو ہے جیسا راہ کا انتخاب ہو گا ویسے ہی نتائج پائے گی آج اپنے حالات دیکھیں تو دل دکھتا ہے کہ ہر شئے ہے پھر بھی ہر شئے کے محتاج ہیں۔مسلمان بہت ہیں لیکن بندہ مومن نظر نہیں آتا نیت سے عمل تک کا معاملہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ہم اس پر تبصرہ کرتے ہیں لیکن دوسروں کے لیے پورے معاشرے میں دوسروں کو مخاطب کیا جا رہا ہے اپنی ذات کی بات کوئی نہیں کر رہا۔زبانی دعوی کرنے سے بہتر ہے کہ ہمارا عمل یہ ثابت کرے کہ ہم مسلمان ہیں اور نبی کریم ﷺ کے اُمتی ہیں دین اسلام کی تبلیغ کا سب سے اعلٰی انداز عملی زندگی ہے بندہ مومن کی دنیا بھی دین ہے کیونکہ وہ اللہ کے حکم کے مطابق عمل کر رہا ہو تا ہے۔