اسلام آباد ہائیکورٹ؛ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کی بندش کیخلاف درخواست پر پی ٹی اے اور وزارتِ اطلاعات کو نوٹس جاری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پر پی ٹی اے اور وزارتِ اطلاعات کو نوٹس جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق نے ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کی، چیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ ایکس بند ہے؟وکیل درخواست گزار نے کہاکہ 17 فروری سے ایکس بند ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ میں بھی یہ معاملہ تھا اس پر کیا ہوا؟ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ سندھ ہائیکورٹ میں آج توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہونی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایکس کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر پی ٹی اے اور وزارتِ اطلاعات کو نوٹس جاری کر دیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ آئندہ ہفتے کیلئے نوٹس جاری کر رہا ہوں، عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔