عدیل ہاشمی نے نوعمری میں بار بار جنسی استحصال کا نشانہ بننے کا انکشاف کردیا
کراچی (آئی این پی) معروف اداکار ، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر عدیل ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ساتویں جماعت میں جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔
ایک انٹرویو میں عدیل ہاشمی نے بتایا کہ میری زندگی میں کئی دلخراش واقعات ہیں، میرے چہرے پر بناوٹی مسکراہٹ نہ جانے کتنے سمندر پار کرکے آرہی ہے۔اداکار نے انکشاف کیا کہ ساتویں جماعت میں انہیں جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا، یہ وہ زمانہ تھا جب جنسی استحصال کے بارے میں لوگ جانتے ہی نہیں تھے، جب ان کے ساتھ زیادتی ہوئی تو ان کے والدین، بھائی کچھ بھی نہیں کرسکتے تھے، میں اپنے ساتھ ہوئے واقعہ پر بات کرتے ہوئے ہچکچاتا تھا۔
عدیل ہاشمی نے بتایا کہ یہ صرف ایک دن کی بات نہیں بلکہ یہ سلسلہ سالوں تک چلا آرہا تھا، میں آج شکر ادا کرتا ہوں کہ بچپن کے دن ختم ہوگئے ہیں، میں دوبارہ ان دنوں میں نہیں جانا چاہتا۔اس واقعہ کا ایک فائدہ یہ ہوا کہ اب میں اپنے بیٹے سے پوچھتا ہوں کہ اگر اسے سکول میں کوئی تنگ کرے تو وہ مجھے بتائے، میں ان لڑکوں کا منہ توڑ دوں گا۔