بیٹے کی شادی کی تقریبات، مکیش امبانی اور ان کی اہلیہ نیتا امبانی کی خصوصی پرفارمنس کی ویڈیو سامنےآگئی
نئی دہلی (ویب ڈیسک) دنیا کے چند امیر ترین لوگوں کی فہرست میں شامل مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریبات ان دنوں شہ سرخیوں میں ہیں اور ایک سے ایک ویڈیوز و تصاویر سامنے آرہی ہیں۔اس موقع پر مکیش امبانی اور ان کی اہلیہ نیتا امبانی نے ایک خصوصی پرفارمنس بھی پیش کی جس میں مکیش نے ڈان کا کردار نبھایا، جس کی ویڈیو بھی کافی وائرل ہورہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اننت اور رادھیکا کی شادی سے پہلے کی تقریبات کا آغاز یکم مارچ کو ہوا تھا۔ تین روزہ شاندار تقریبات میں عالمی طور پر بااثر کئی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ان میں فیس بک کے بانی مارک زکر برگ، ایونکا ٹرمپ، ہالی وڈ گلوکارہ ریحانہ سمیت بھارتی فنکاروں اور کرکٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مکیش امبانی کو فلم ڈان سے شاہ رخ خان کے مشہور ڈائیلاگ کو بولتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، وہ کہتے ہیں کہ ’ ڈان کو پکڑنا مشکل نہیں ناممکن ہے‘۔جس کے بعد نیتا امبانی آتی ہیں اور مکیش انہیں دیکھ کر ڈر جاتے ہیں، وہ مکیش کو دیر سے آنے پر ڈانٹتی ہیں جسے دیکھ کر سب حیران رہ جاتے ہیں، نیتا کہتی ہیں’ لیکن اس ڈان کو میں نے پکڑ لیا ہے‘۔
جس پر مکیش نیتا کو کہتے ہیں ’ یس باس‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ہماری زندگی میں اصلی ڈان ایک ہی تھی ایک ہی ہے اور ایک ہی رہے گی، وہ ہے نیتا۔
مزید برآں، مکیش اور نیتا امبانی نے لازوال کلاسک سانگ "پیار ہوا اقرار ہوا” کی دھنوں پر رقص کیا، جس نے شام کی جادوئی تقریبات میں اضافہ کردیا، نیتا کو ایک شاندار سنہری ساڑھی میں ملبوس دیکھا جاسکتا ہے جب کہ مکیش ایک کرتہ پائجامہ میں ملبوس تھے۔